قتل کیس:بلوچ یکجہتی کمیٹی کی رہنما گلزادی بلوچ کو عمر قید
ایڈیشنل سیشن جج نے اکتوبر 2022 میں درج اعظم قتل کیس کا فیصلہ سنایا مجرمہ پہلے ہی ڈاکٹر ماہ رنگ اور دیگر کے ہمراہ ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ میں قیدہے
کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک)کوئٹہ کی ایک عدالت نے بلوچ یکجہتی کمیٹی کی خاتون رہنما گلزادی بلوچ کوبہنوئی کے مقدمہقتل میں عمر قید کی سزا سنادی ،یہ مقدمہ ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں مجرمہ کے بہنوئی محمد اعظم کے قتل پر اکتوبر 2022 میں درج کیا گیا تھا جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ محمد اعظم کی بیوی اور ان کی بہن گلزادی نے انھیں قابو کیا جبکہ ان کے بھائیوں عبدالودود ساتکزئی اور آغا محمد ساتکزئی نے ان پر کلہاڑی اور ڈنڈے سے وار کئے ، جس سے محمد اعظم زخمی ہونے کے بعد دم توڑ گئے۔کوئٹہ میں ایڈیشنل سیشن جج ون سید قادر شاہ بخاری نے پیر کے روز مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے گلزادی بلوچ کو عمر قید کی سزا سنائی،دستیاب عدالتی رپورٹوں کے مطابق دیگر نامزد ملزمان مفرور ہیں اور ان کے خلاف کارروائی الگ رکھی گئی ہے ۔ خیال رہے کہ گلزادی بلوچ کو اپریل 2025 میں بی وائی سی کے احتجاج کے حوالے سے کوئٹہ میں درج مقدمات میں گرفتار کیا گیا تھا اوروہ بی وائی سی سربراہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور دیگر کے ہمراہ ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ میں قید ہیں۔ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور تنظیم کے رہنما صبغت اللہ شاہ ایک سکیورٹی اہلکار کی ہلاکت کے مقدمے میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments