افغانستان سے منشیات سمگلنگ کیخلاف پاک امریکہ مشترکہ کارروائیاں
کثیر الملکی جرائم پیشہ گروہوں کو توڑنے کیلئے امریکہ کا پاکستان کیساتھ کام کرنے کاعزم
اسلام آباد(دنیا رپورٹ)افغانستان سے منشیات کی سمگلنگ میں ملوث گروہ کے خلاف امریکہ اور پاکستان کی مشترکہ کارروائیاں ،امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کے ایک اعلامیہ کے مطابق مورخہ30اگست کو ایک کارروائی کے نتیجے میں21ملین ڈالر مالیت کی تقریباً 463کلوگرام کرسٹل میتھم فیٹامین ضبط کی گئی ۔ ٹرمپ انتظامیہ نے غیرقانونی منشیات کی نقل و حرکت کی روک تھام کو امریکہ کو مزید محفوظ بنانے کیلئے ترجیح کا کلیدی پہلو قرار دیا ہے ،14سے 29 اگست کے درمیان اے این ایف کے کراچی بندرگاہ پر قائم کنٹرول یونٹ نے پاکستان سے کولمبو سری لنکا کی جانب روانگی کے لیے لدے ہوئے کنٹینرز میں افغانستان میں تیار ہونے والی غیرقانونی منشیات کی موجودگی کا شبہ ظاہر کیا۔
اے این ایف کی جانب سے بروقت اطلاع موصول ہونے پر ڈی ای اے نے متعلقہ ممالک کے حکام کے ساتھ کام کرتے ہوئے منشیات کو اپنی تحویل میں لے لیا اور متعدد مشکوک افراد کوگرفتارکیا۔واضح رہے کہ امریکی حکومت کی معاونت نے اے این ایف پاکستان کو مستقل بنیادوں پر تربیت فراہم کرتے ہوئے اس کی استعداد کار میں اضافہ کیا ہے اور وہ منشیات کی نقل و حرکت کی روک تھام کی امریکی ترجیحات پر عملدرآمد میں اہم شراکت دار کا کردار ادا کر رہی ہے ۔ امریکہ کثیر الملکی جرائم پیشہ گروہوں کو توڑنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مِل جُل کر کام کرنے کے عزم پر کاربند ہے تاکہ امریکی شہریوں کا منشیات کی رسائی کے خطرات سے تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments