پروازوں میں تاخیر پرجرمانہ کی رقم مسافروں کو دی جائے :سینیٹ کمیٹی
پشاور ایئرپورٹ تعمیر نو کیلئے ایک سال بند کرنے کی تجویز ،سیکرٹری دفاع کی بریفنگ ڈی آئی خان کے نئے ایئرپورٹ پر وزارت دفاع کااتفاق،فیزیبلٹی پر کام شروع کردیاگیا
اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کو آگاہ کیا گیا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں 1800 ایکڑ سے زائد رقبے پر نیا ایئرپورٹ تعمیر کیا جائے گا، جس کی فیزیبلٹی رپورٹ پر کام شروع کر دیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پشاور ایئرپورٹ کی تعمیرِ نو کے لیے اسے ایک سال تک بند رکھنے کی تجویز بھی زیر غور ہے ،اجلاس میں سینیٹر درویش نے کراچی سے اسلام آباد آنے والی ایک پرواز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ پرواز میں مولانا فضل الر حمن نے بھی سفر کرنا تھا،جو آٹھ گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی، اس موقع پر ارکان نے تجویز دی کہ پروازوں میں تاخیر کی صورت میں جرمانے کی رقم مسافروں کو ادا کی جانی چاہیے ،کمیٹی کو ملک کے بند ایئرپورٹس کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی ،قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا اجلاس سینیٹر طلحہ محمود کی زیر صدارت ہوا، جس میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے خصوصی طور پر شرکت کی ، سیکر ٹر ی دفاع نے کمیٹی کو ملک میں ایئرپورٹس کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی۔کمیٹی نے پروازوں میں تاخیر کی صورت میں عائد کئے جانے والے جرمانے مسافروں کو ادا کرنے کی سفارش کی، جبکہ دور دراز علاقوں کے لیے ایئر سروس کی سبسڈی برقرار رکھنے کی سفارش بھی سامنے آئی ، سیکرٹر ی دفاع نے کمیٹی ارکان کو کراچی ایئرپورٹ کا دورہ کرنے اور وہاں موجود سہولیات کا جائزہ لینے کی دعوت دی۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ڈیرہ اسماعیل خان ایئرپورٹ سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ موجودہ ایئرپورٹ پر بڑے اے ٹی آر طیارے لینڈ نہیں کر سکتے ۔انہوں نے بتایا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے لئے ایک گرین فیلڈ ایئرپورٹ کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ، جس سے وزارت دفاع نے بھی اتفاق کیا ہے ، ساڑھے 1800 ایکڑ اراضی پر تعمیر ہونے والا نیا ایئرپورٹ این 14 سے منسلک ہوگا، جبکہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے ہکلہ ڈیرہ اسماعیل خان روٹ سے بھی اس کا رابطہ ہوگا ، سیکر ٹر ی دفاع نے کہا کہ وزارت چاہتی ہے کہ کمیٹی ارکان مختلف ایئرپورٹس کے دورے کریں اور وہاں موجود سہولیات کا خود جائزہ لیں۔انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے بعد نجی ایئرلائنز نے بھی نئے طیارے خریدنا شروع کر د ئیے ہیں ، ان کے مطابق نجی کمپنیوں کو متنبہ کر دیا گیا اگر انہوں نے نئے روٹس شروع نہ کئے تو ان کے منافع بخش روٹس بھی بند کر د ئیے جائیں گے ،کمیٹی کو یقین دہانی کرائی گئی کہ پروازوں میں تاخیر کا نہ صرف نوٹس لیا جائے گا بلکہ تاخیر پر جرمانوں کے حوالے سے کمیٹی کی سفارشات پر بھی غور کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments