سٹیل ملز چوری کے متعددمقدمات درج ،تاحال برآمدگی نہ ہوسکی

سٹیل ملز چوری کے متعددمقدمات درج ،تاحال برآمدگی نہ ہوسکی

سینیٹ کمیٹی نے مؤثر سکیورٹی مانیٹرنگ کیلئے جدید کیمرے نصب کرنے کی سفارش کردی تازہ آڈٹ رپورٹ جمع نہ کرانے پراظہار تشویش ،ایک ہفتے میں جمع کرانے کی ہدایت

اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنوینر سینیٹر سید مسرور احسن کی زیر صدارت ہوا جس میں پاکستان سٹیل ملز میں چوری کے واقعات، سکیورٹی خدشات اور انتظامی و آپریشنل امور کا جائز ہ لیا گیا۔ ذیلی کمیٹی نے 2025-26 کی تازہ ترین آڈٹ رپورٹ جمع نہ کرائے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان سٹیل ملز کی انتظامیہ کو رپورٹ ایک ہفتے کے اندر پیش کرنے کی ہدایت کی۔ کمیٹی نے پاکستان سٹیل ملز سے 36 ٹن سامان کی چوری کے معاملے کا بھی جائزہ لیا ۔ اراکین نے کہا کہ چوری کے متعدد مقدمات میں ملازمین کے خلاف انتظامی کارروائی کی گئی تاہم چوری شدہ سامان کی واپسی تاحال زیر التوا ہے ۔کنوینر کمیٹی نے انتظامیہ کو چوری کے واقعات میں ملوث ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور ایسے افراد کو پاکستان سٹیل ملز کی حدود میں داخلے سے روکنے کی ہدایت کی۔ سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے کمیٹی کو بتایا گیا کہ اس وقت پاکستان سٹیل ملز میں ڈی ایس ایف اہلکار تعینات ہیں جبکہ وزارت دفاع نے حال ہی میں ان کی واپسی کا مطالبہ کیا ہے۔

وزارت صنعت نے دفاع ڈویژن کے ساتھ ڈی ایس ایف اہلکاروں کی مرحلہ وار واپسی کا معاملہ اٹھایا ہے تاکہ پاکستان سٹیل ملز کو متبادل سکیورٹی انتظامات کے لیے مناسب وقت مل سکے ۔ذیلی کمیٹی نے اربوں روپے مالیت کی مشینری اور سامان کی حفاظت پر مامور ضروری سکیورٹی اہلکاروں کی شدید کمی پر تشویش کا اظہار کیا اور انتظامیہ کو مطلوبہ عملے کی تعداد کے حوالے سے جامع جواز پیش کرنے کی ہدایت کی۔ کنوینر کمیٹی نے وزارت خزانہ کو بھی ہدایت کی کہ پاکستان سٹیل ملز کے لیے ضروری عملے کی بھرتی کے معاملے پر آئندہ اجلاس میں اپنے نمائندے کی شرکت یقینی بنائی جائے ۔ اراکین کمیٹی نے مؤثر سکیورٹی مانیٹرنگ کے لیے جدید نگرانی کے کیمروں کی تنصیب کی سفارش کی۔کنوینر کمیٹی نے ایف آئی اے کو پاکستان سٹیل ملز سے متعلق ریکوری کیس کے حوالے سے زیر التوا انکوائری مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ پاکستان سٹیل ملز کی زمین سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...