جولائی اگست : بیرونی قرض میں 23 فیصد اضافہ، ایک ارب 70 کروڑ ڈالر وصول ہوئے

 جولائی اگست : بیرونی قرض میں 23 فیصد اضافہ، ایک ارب 70 کروڑ ڈالر وصول ہوئے

دوماہ کے دوران مختلف پراجیکٹس کیلئے 48کروڑ 45لاکھ ڈالر ،نان پراجیکٹ کیلئے ایک ارب 21کروڑ ڈالر کی بیرونی معاونت گزشتہ مالی سال اسی عرصے میں ایک ارب 37کروڑ ڈالر کی بیرونی مالی معاونت ملی تھی :اقتصادی امور ڈویژن کی رپورٹ

 اسلام آباد (مدثر علی رانا) جولائی سے اگست دو ماہ کے دوران بیرونی قرضوں میں 23فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ جولائی سے اگست پاکستان نے ایک ارب 70 کروڑ ڈالر بیرونی قرض حاصل کیا۔ گزشتہ مالی سال اسی عرصے میں ایک ارب 37 کروڑ ڈالر کی بیرونی مالی معاونت ملی تھی۔اقتصادی امور ڈویژن نے بیرونی قرضوں پر جاری رپورٹ میں بتایا کہ رواں مالی سال پہلے دو ماہ میں حاصل بیرونی قرض 476 ارب روپے کے مساوی رہا، گزشتہ مالی سال جولائی سے اگست 391 ارب روپے کے مساوی بیرونی قرض ملا تھا۔ پہلے دو ماہ میں مختلف پراجیکٹس کیلئے 48 کروڑ 45 لاکھ ڈالر قرض حاصل ہوا، نان پراجیکٹ مد میں ایک ارب 21 کروڑ ڈالر کی بیرونی معاونت حاصل ہوئی۔عالمی مالیاتی اداروں نے پہلے دو ماہ میں 59 کروڑ ڈالر سے زائد قرض دیا۔ اسلامی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو 19 کروڑ 12 لاکھ ڈالر، عالمی بینک نے 23 کروڑ 84 لاکھ ڈالر اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے 9 کروڑ 57 لاکھ ڈالر قرض فراہم کیا۔

مختلف ممالک نے پاکستان کو 3 کروڑ 52 لاکھ ڈالر کی مالی معاونت فراہم کی۔ جرمنی نے پاکستان کو ایک کروڑ 28 لاکھ ڈالر اور سعودی عرب نے 89 لاکھ ڈالر کی مالی معاونت فراہم کی۔ رواں مالی سال پہلے دو ماہ کے دوران چین سے کوئی مالی معاونت نہیں ملی۔نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کی مد میں 62 کروڑ 97 لاکھ ڈالر قرض حاصل کیا گیا جبکہ غیر ملکی کمرشل بینکوں سے 30 کروڑ ڈالر قرض حاصل کیا گیا۔ علاوہ ازیں وزارت خزانہ نے فنڈز کے اجرا کو دستیاب مالی گنجائش سے مشروط کردیا ۔ فنڈز کی دوبارہ تخصیص اور اضافی رقوم کی فراہمی کیلئے نئی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ 31 مئی کی ڈیڈ لائن میں نرمی صرف غیر معمولی حالات میں ہوگی۔ وزارت خزانہ کے مطابق جون میں ناگزیر ادائیگیوں اور تنخواہوں کی کمی کے معاملات میں رعایت دی جاسکے گی۔جاری نہ کیے گئے بجٹ سے فنڈز کی دوبارہ تخصیص پر پابندی عائد ہوگی۔ ضمنی گرانٹس کی درخواستوں کا طریقہ کار مزید سخت کردیا۔ شدید قدرتی آفات کے سوا اضافی غیر بجٹ اخراجات کے لیے گرانٹ زیر غور نہیں آئے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...