مسئلہ کشمیر کو غیرحل شدہ چھوڑنا خطرناک:اسحاق ڈار
بھارت مقبوضہ کشمیر کی مسلم مذہبی شناخت کو نقصان پہنچا رہا:نائب وزیراعظم طالبان دہشتگردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنائیں:نیویارک میں خطاب، اہم ملاقاتیں
اسلام آباد (وقائع نگار،نیوز ایجنسیاں)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے مئی 2025 کا پاک بھارت تنازع اس بات کی یاد دہانی ہے کہ مسئلہ کشمیر کو غیرحل شدہ چھوڑنا خطرناک ہے ’ پاکستان کو افغانستان کی صورت حال پر شدید تشویش ہے ، طالبان دہشتگردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنائیں۔او آئی سی رابطہ گروپ برائے جموں و کشمیر سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کشمیری 8 دہائیوں سے اقوام متحدہ کے تحت حق خودارادیت کے منتظر ہیں، بھارت مقبوضہ کشمیر کی مسلم تہذیبی اور مذہبی شناخت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے ، مقبوضہ وادی میں صحافیوں کی آواز دبائی جارہی، عالمی مبصرین کو بھی رسائی نہیں ہے ۔دریں اثنا دو ریاستی حل کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی بین الاقوامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا ہے کہ غزہ میں بے گناہ فلسطینیوں کا قتل و عام اور انسانی تکالیف کا خاتمہ، بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی اور فلسطینی ریاست کے قیام کی جانب قابلِ اعتماد سیاسی راستے کی پیش رفت پاکستان کی واضح ترجیحات ہیں۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر اسحاق ڈار کی آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بائراموف سے ملاقات کی۔جس میں پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے امور پر مفید تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ باہمی دلچسپی کے دوطرفہ معاملات بھی زیر بحث آئے ۔اس موقع پر اسحاق ڈار کی گوئٹے مالا کے وزیر خارجہ کارلوس رامیرو مارٹینیز الوارادو سے بھی ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور گوئٹے مالا کے درمیان دوستانہ تعلقات اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں فریقوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments