جنگ بندی کیلئے کوشاں، امید نہیں چھوڑی:شہباز شریف

جنگ بندی کیلئے کوشاں، امید نہیں چھوڑی:شہباز شریف

قرضوں کے بحران سے نمٹنا ہوگا،رعایتی بنیادوں پر مالی معاونت فراہم کی جائے وزیراعظم کی شام،صومالیہ ، کینیا کے صدور،آسٹرین چانسلر ،بل گیٹس سے ملاقاتیں

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کیلئے کوشاں ہیں اور امید نہیں چھوڑی۔نیو یارک میں میڈیا سے گفتگو  کرتے ہوئے انہوں نے کہا امن کیلئے کوششیں جاری ہیں ، اسلام آباد میمورنڈم پر امریکی صدر ٹرمپ ، ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور میرے دستخط تھے ، بدقسمتی سے اس کے بعد واقعات غیر متوقع رخ اختیار کر گئے ۔ ایران ہمارا ہمسایہ ہے اور پاکستان ایمانداری اور دیانت داری کے ساتھ ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے ۔اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں ڈیکلریشن آن رائٹ ٹو ڈویلپمنٹ کی 40ویں سالگرہ کے موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا حقِ ترقی کے حصول کیلئے قرضوں کے بحران سے نمٹنا ہوگا۔ وہ اسے قرضوں کا جال کہتے ہیں۔وزیراعظم نے عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات پر زور دیتے کہا کہ رعایتی بنیادوں پر مالی معاونت فراہم کی جائے ، موسمیاتی تبدیلی سے مطابقت پیدا کرنے اور نقصانات کے ازالے کے لیے معاونت فراہم کی جائے ، جبکہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں موجود خلیج کو ختم کیا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا ہر فرد کا یہ حق ہے کہ وہ بہتر مستقبل کی تلاش کرے ۔

40 سال قبل حقِ ترقی کے اعلامیے نے اس بات کی توثیق کی کہ ترقی عوام کا ناقابلِ تنسیخ حق ہے ۔ اس اعلامیے کا پیغام واضح تھا کہ ترقی کا مقصد محض دولت پیدا کرنا نہیں، بلکہ سماجی ترقی کو فروغ دینا اور انسانی وقار کو برقرار رکھنا بھی ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ ترقی پذیر دنیا میں قرضوں کی ادائیگی مالی گنجائش کو محدود کر رہی ہے ، جسکے باعث ترقی کے لیے دستیاب وسائل متاثر ہو رہے ہیں۔وزیراعظم نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر عالمی رہنماؤں سے سائیڈ لائن ملاقاتیں کیں ۔شامی صدر احمد الشرع سے ملاقات میں انہوں نے پاکستان اور شام میں دوطرفہ تعلقات، تجارت و سرمایہ کاری، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا ۔وزیراعظم نے آسٹریا کے چانسلر کرسچن سٹاکر اور صومالیہ کے صدر حسن شیخ محمود سے بھی ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔کینیا کے صدر ولیم روٹو سے ملاقات میں دونوں رہنماں نے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کینیائی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ کینیا کے صدر نے خلیجی خطے اور مغربی ایشیا میں حالیہ بحران کے دوران پاکستان کے مثبت سفارتی کردار کو سراہا۔وزیراعظم شہباز شریف نے گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس سے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے پولیو کے خاتمے ، ماں اور بچے کی صحت سمیت مختلف شعبوں میں فاؤنڈیشن کے تعاون کو سراہتے ہوئے پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...