گندم ترسیل، آمدورفت میں رکاوٹیں دور کریں، سینیٹ کمیٹی

گندم ترسیل،  آمدورفت میں رکاوٹیں دور کریں، سینیٹ کمیٹی

چیک پوسٹوں پر شہریوں کو بلا جوازہراساں کیے جانے کی شکایات پر تشویش کا اظہار سینیٹر دلاور کی زیر صدارت اجلاس، اشیائے ضروریہ کی فراہمی پر تفصیلات طلب

اسلام آباد (سید قیصر شاہ)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ نے بین الصوبائی ہم آہنگی مضبوط بنانے ، شہریوں کی آمدورفت میں رکاوٹیں دور کرنے ، گندم کی بلاتعطل ترسیل اور سکیورٹی چیک پوسٹوں پر شہریوں سے بہتر رویہ اختیار کرنے پر زور دیا ہے ۔سینیٹر دلاور خان کی زیرصدارت اجلاس میں سینیٹرز ایمل ولی خان، روبینہ قائم خانی، سید کاظم علی شاہ، روبینہ خالد، ضمیر حسین گھمرو، سیف اللہ ابڑو اور خصوصی دعوت پر سینیٹر ہدایت اللہ نے شرکت کی۔ اہم صوبائی نمائندوں کی عدم شرکت پر چیئرمین کمیٹی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل عدم حاضری سے عوامی مسائل کے حل میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے ، بار بار غیرحاضری پر استحقاق کی تحریک یا عدالتی نوٹس زیرغور آ سکتے ہیں۔کمیٹی نے بین الصوبائی آمدورفت اور چیک پوسٹوں پر شہریوں کو درپیش مشکلات کا جائزہ لیا۔

ارکان نے سکیورٹی کے ساتھ شہریوں سے بہتر رویے ، پولیس اہلکاروں کے کام کے دباؤ اور وسائل کی کمی کا بھی ذکر کیا۔ ایمل ولی خان نے قبائلی علاقوں میں تلاشی کے دوران خواتین کے پردے اور برقعے سمیت مقامی روایات کے احترام پر زور دیا جسے ڈی آئی جی خیبرپختونخوا نے مناسب قرار دیا۔سندھ پولیس حکام نے کہا کہ کسی برادری کے خلاف امتیازی پالیسی نہیں ۔کمیٹی نے کراچی، لاہور، راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان سفر کرنے والے شہریوں کو بلاجواز ہراساں کیے جانے کی شکایات پر بھی تشویش ظاہر کی۔کمیٹی نے بین الصوبائی گندم کی ترسیل، خوراک کے تحفظ اور سڑکوں کی بندش سے پیدا ہونے والی تاخیر کا جائزہ لیتے ہوئے شفاف نظام اور اشیائے ضروریہ کی بلاتعطل فراہمی سے متعلق تحریری تفصیلات طلب کرلیں۔ ارکان نے صوبائی اسمبلیوں میں متعصبانہ بیانات اور ویڈیو کلپس پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی قیادت ایسے بیانات کی روک تھام کی ذمہ دار ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...