پختونخوا:گورنر راج یا ایمرجنسی،اہم مشاورتی اجلاس:پی ٹی آئی کے لانگ مارچ اور بیک ڈور رابطوں پر وزیر داخلہ کی وزیراعظم کو بریفنگ،جلد فیصلے کا امکان

پختونخوا:گورنر راج یا ایمرجنسی،اہم مشاورتی اجلاس:پی ٹی آئی کے لانگ مارچ اور بیک ڈور رابطوں پر وزیر داخلہ کی وزیراعظم کو بریفنگ،جلد  فیصلے  کا  امکان

صوبے میں امن وامان کی صورتحال کا بھی جائزہ، سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ، ایاز صادق بھی شہبازشریف سے ملے ،اقدامات کو حتمی شکل دینے کیلئے صدر،وزیر اعظم ملاقات متوقع گورنر راج کی بات قبل از وقت،یہ لانگ مارچ نہیں کرسکتے :عطا تارڑ،بانی پی ٹی آئی کو حکومت رہا نہیں کرسکتی ،احتجاج کی بنیاد غیر آئینی:اعظم نذیر تارڑ ،مارچ سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں:طارق فضل

 اسلام آباد( نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس میں اعلیٰ سطح کے مشاورتی اجلاس میں خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی لگانے سے متعلق مختلف آپشنز پر غور کیا گیا، اجلاس میں وفاقی وزرا اور اہم ذمہ داروں نے شرکت کی، خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا،ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے  امن وامان کی صورتحال،پی ٹی آئی سے بیک ڈور رابطوں پر بریفنگ دی،وزیر قانون نے خیبر پختونخوا کے حوالے سے آئینی و قانونی امور پر بریف کیا،شرکا نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے اعلان اور بیک ڈور رابطوں کا جائزہ لیا ،ذرائع کے مطابق اجلاس میں خیبرپختونخوا کی صورتحال کے تناظر میں آرٹیکل 233 اور 234 پر آرا ئلی گئیں،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا حتمی فیصلے سے قبل تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا،ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کی صورتحال پر صدر آصف زرداری سے وزیراعظم شہبازشریف کی ملاقات کا بھی امکان ہے۔

ملاقات میں آئینی اقدامات کو حتمی شکل دئیے جانے کی توقع ہے ،دوسری طرف ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہبازشریف سے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اہم ملاقات کی ہے ،ملاقات میں اہم آئینی قانونی اور پارلیمانی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ذرائع کے مطاق سپیکر نے اپوزیشن سے پس پردہ رابطوں بارے وزیراعظم کو آگاہ کیا،پیپلز پارٹی کے وفد سے ملاقات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا،ملاقات میں قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ،ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کے حوالے سے وفاقی حکومت کا فیصلہ جلد متوقع ہے ۔دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے بزرگوں کے عالمی دن پرجاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بزرگوں کے عالمی دن پر میں پاکستان اود دنیا بھر کے بزرگ شہریوں کے لیے احترام کا اظہار کرتا ہوں،ہمارے بزرگ انفرادی اور اجتماعی دانش، تجربے اور اعلیٰ اقدار کے امین ہیں جنہوں نے نسلوں کی تربیت اور رہنمائی کی ہے ۔حکومت بزرگ شہریوں کے احترام کو الفاظ سے بڑھ کر پالیسی سازی، ادارہ جاتی اصلاحات اور مؤثر عملی اقدامات میں ڈھالنے کے لیے پرعزم ہے ۔ 

اسلام آباد( نامہ نگار ،مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ فی الحال کے پی میں گورنر راج کی بات کرنا قبل از وقت ہے ، پی ٹی آئی سیاسی طور پر بہت کمزور ہوچکی ہے ، مجھے نہیں لگتا سہیل آفریدی سیاسی طور پر اتنے طاقتور ہیں کہ لانگ مارچ کرسکیں، ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بطور وفاقی وزیر میری پوزیشن تقاضا کرتی ہے کہ جو بات کروں وہ تصدیق شدہ ہو، کسی بھی قیاس آرائی پر کمنٹ کرنا قبل از وقت ہے ، دیکھتے ہیں آگے کیا ہوتا ہے ، انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گورننس تباہ ہو چکی ہے ، دہشتگرد دندناتے پھر رہے ہیں ، صوبے کے لوگوں میں غم و غصہ ہے ، سہیل آفریدی لوگوں کو موبلائز کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے ، ان کو ا لانگ مارچ کرنا ہے تو دہشتگردی کے خلاف کریں اور لوگوں کے تحفظ کیلئے کریں،عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیر اعظم نے جماعت اسلامی کی قیادت کے ساتھ ملاقات کی کمٹمنٹ کی ہے ، جماعت اسلامی نے ہمیشہ پرامن احتجاج کیا،مہذب لہجے میں بات کرتے ہیں، وزیر اعظم سے ان کی ملاقات جلد ہوگی، دیکھتے ہیں کیا نتیجہ نکلتا ہے ،انہوں نے کہا کہ تھری ایم پی او کے تحت نظر بندی قانون کے مطابق ہے ،دریں اثنا پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کو ہر سال دہشت گردی کے تدارک کے لیے فنڈز د ئیے جاتے ہیں لیکن اس نے نہ کچھ کیا ہے اور نہ کرنا چاہتی ہے ،صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ سیاست کو ترک کر کے وہاں جائے جہاں لاشیں گر رہی ہیں۔،

دریں اثنا پانی کا بطور ہتھیار استعمال، سندھ طاس معاہدے کی معطلی کی تاریخی، قانونی و تذویراتی پہلو پر خصوصی رپورٹ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ہم امن چاہتے ہیں ، پانی کو بطور ہتھیار استعمال نہیں کرنے دینگے ، انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی معاہدوں کو یکطرفہ طور پر معطل یا ختم نہیں کیا جا سکتا۔ ادھر وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج کا فیصلہ وزیراعظم یا صدر پاکستان کا ہو گا، سپیکر قومی اسمبلی چیمبر میں مسلم لیگ( ن) اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی اپیل زیر سماعت ہے ، حکومت نے رہائی کا فیصلہ نہیں کرنا، یہ عدالت کا دائرہ اختیار ہے ،جب احتجاج کی بنیاد ہی غیر آئینی ہو تو پھر اپوزیشن کو اپنے مطالبے کو از سر نو دیکھنا ہو گا، دوسری طرف پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چو دھری نے کہا ہے کہ حکومت کی تیاریاں مکمل ہیں ، اگر پی ٹی آئی نے اسلام آباد آنے کی کوشش کی تو اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پی ٹی آئی کے اندر لانگ مارچ پر اختلاف رائے اور دھڑے بندی موجود ہے ، پارٹی کے بعض ارکان اسلام آباد کی جانب مارچ کی مخالفت کر رہے ہیں،بیس لاکھ افراد لانے کی بات کی گئی تھی لیکن بیس ہزار افراد بھی جمع نہیں ہوئے ،پی ٹی آئی نے دوبارہ اسلام آباد آنے کی کوشش کی تو حکومت اس سے نمٹنے کے لیے تیار ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...