چین کا عالمی امن اور ترقی میں اہم کردار :شہبازشریف
سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ،ہمارے دل ایک ساتھ دھڑکتے :وزیراعظم پاک چین تعلقات خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون،چین کی سالگرہ تقریب سے خطاب
اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف نے چین کی 77 ویں سالگرہ پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کا عالمی امن اور ترقی میں اہم کردار ہے اور ہم سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 77ویں سال گرہ کے موقع پر تقریب سے خطاب کیا اور کہا کہ چین کے قومی دن کی تقریب میں شرکت میرے لیے باعث مسرت ہے اور اس موقع پر چین کے صدر شی جن پنگ اور چین کے عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی دن عظیم چینی قوم کی ثابت قدمی، اتحاد اور ناقابل تسخیر جذبے کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے ، عالمی امن، استحکام اور ترقی میں چین کا انتہائی اہم کردار ہے ، صدر شی جن پنگ کی دوراندیش قیادت میں چین نے انسانی ترقی، سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت کے شعبوں میں بے مثال ترقی کی ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ 2026 کا سال پاکستان اور چین کے مشترکہ سفر میں ایک خصوصی اہمیت رکھتا ہے ، پاکستان اور چین اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سال گرہ منا رہے ہیں، ہمارے دل ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔
ہماری دوستی نے ہمیشہ وقت کے ہر امتحان، خواہ وہ زلزلے ہوں، طوفان ہوں یا سیلاب، سامنا کیا ہے ، سی پیک ہماری دیرینہ دوستی اور اپنے عوام کے لیے زیادہ خوش حال اور ترقی یافتہ مستقبل کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب ہم سی پیک کے اگلے مرحلے سی پیک 2.0 میں داخل ہو رہے ہیں، نئے فیز میں صنعت کاری، خصوصی اقتصادی زونز، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت، زراعت، کان کنی اور معدنیات پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہیں ، چینی سفیر جیانگ زائڈونگ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ چین اور پاکستان ہر موسم کے تزویراتی تعاون کے شراکت دار ہیں، پاکستان اپنے اصولی مؤقف، وسیع عالمی وژن اور اعلیٰ سفارتی بصیرت کے باعث بین الاقوامی سطح پر بڑھتا ہوا اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کثیرالجہتی اور بین الاقوامی تعاون کی حمایت کی، خطے اور اس سے باہر امن و سلامتی کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا ہے ، وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے خطاب میں پاکستان کے قومی مفادات کا مضبوطی سے دفاع کیا۔ چینی سفیر نے کہا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں بین الاقوامی اور علاقائی مسائل پر پاکستان کے مؤقف کو پیش کیا گیا جس سے عالمی برادری کی جانب سے سراہا گیا،
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments