موبائل پولیس سٹیشن کا افتتاح،پولیسنگ سروسز شہریوں کی دہلیز پر پہنچائی جائینگی:مریم نواز
33 موبائل پولیس سٹیشن فعال ،ہر وین میں انچارج سب انسپکٹر، فیلڈ سپر وائزر،سینئر سٹیشن اسسٹنٹ، میل،فی میل کانسٹیبل 5فروری کو کشمیر ڈے پربسنت میں وقفہ، امید ہے انسانی جان کی حفاظت کیلئے شہری ذمہ داری کی مثال قائم کرینگے :وزیراعلیٰ لاہور میں 29جنوری سے 7فروری تک 10روزہ بسنت کی منظوری ،پہلے سے بہتر انتظامات کی ہدایت
لاہور (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جدید ترین سہولیات اور ٹیکنالوجی سے مزین موبائل پولیس سٹیشن وین کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ 33 موبائل پولیس سٹیشن وین مختلف اضلاع میں فنکشنل ہوں گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے موبائل پولیس سٹیشن وین کا معائنہ کیا اور ان کی ورکنگ کا مشاہدہ کیا،انہوں نے پولیس وین میں موجود سٹاف سے بات چیت کی اور طریقہ کارکے بارے میں دریافت کیا، وزیراعلیٰ کو ہوم سیکرٹری احمد جاوید قاضی نے بریفنگ دی اور بتایا کہ پنجاب میں 33 موبائل پولیس سٹیشن فنکشنل کر دیئے گئے اور6 موبائل پولیس سٹیشن خواتین سے متعلق امور کیلئے مخصوص ہیں، ہر موبائل پولیس سٹیشن وین میں انچارج سب انسپکٹر، فیلڈ سپر وائزر،سینئر سٹیشن اسسٹنٹ، میل اور فی میل کانسٹیبل سٹاف موجود ہوگا، بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ موبائل پولیس سٹیشن وین یونیورسٹی اور گرلز کالجز میں شیڈول کے مطابق جائے گی، 15 پر کال ڈیٹا کے مطابق موبائل پولیس سٹیشن وین کو مختلف علاقوں میں بھیجا جائے گا،ہر موبائل پولیس سٹیشن وین پر14 مختلف اقسام کی پولیس سے متعلق سروسز میسر ہوں گی، ایف آئی آر، آن لائن ای ٹیگنگ، گمشدگی رپورٹ، کریمنل ریکارڈ چیکنگ اور کرایہ دارکا اندارج ہوسکے گا، گھریلو اور دکان کے ملازمین کا اندارج اور کریکٹر سرٹیفکیٹ ویری فکیشن کی سہولت بھی میسر ہوگی، لرنر لائسنس،ڈرائیونگ لائسنس، تجدید، ڈپلیکیٹ لائسنس اور انٹرنیشنل لائسنس بھی بنایا جاسکے گا،وین کی آمد کا شیڈول سوشل میڈیا اور دیگر چینلز پر نشر کیا جائے گا، متعلقہ علاقے کی مساجد میں اعلانات بھی کئے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ موبائل پولیس سٹیشن وین کا مقصد عزت و وقار کے ساتھ پولیسنگ سروسز براہ راست شہریوں کی دہلیز پر پہنچانا ہے ،موبائل پولیس سٹیشن وین عوام اور پولیس کے درمیان فاصلہ کم کرے گا، موبائل پولیس سٹیشن دوردراز علاقوں میں پہنچنے سے شہریوں کے وقت اور سفری اخراجات کی بچت ہوگی ،وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ پنک موبائل پولیس سٹیشن میں خواتین کے لیے مخصوص عملہ تعینات ہے ، دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب نے زندہ دلان لاہور کے لئے 10روزہ بسنت منانے کی بڑی خوش خبری کا اعلان کر دیا اور اس کی منظوری بھی دیدی ہے ، 25 سال کے تعطل کے بعد رواں سال فروری میں 6 سے 8 فروری تک لاہور میں بسنت منائی گئی تھی، وزیراعلیٰ نے نئے سال 2027 کی آمد پر لاہوریوں کو 10 روزہ بسنت کا تحفہ دینے کی ہدایت کی، 29 جنوری سے 7 فروری تک بسنت منائی جائے گی، 5 فروری کو کشمیر ڈے منانے کے لیے ایک روزکا وقفہ ہوگا، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ گزشتہ بسنت سے بھی بڑھ کر شہریوں کی حفاظت اور سہولت کے بہتر اقدامات کئے جائیں،انہوں نے لاہور کے عوام سے اپیل کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ انسانی جان کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے فرض شناسی، ذمہ داری اور احساس کے ساتھ گزشتہ بسنت کی طرح ایک نئی مثال بھی قائم کریں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments