ایف بی آر پالیسیوں کیخلاف آج ملک بھر میں طبی مراکز بند رکھنے کا اعلان

ایف  بی  آر  پالیسیوں  کیخلاف  آج  ملک  بھر  میں  طبی  مراکز  بند  رکھنے  کا  اعلان

اہور،گوجرانوالہ، پشاور کراچی سمیت دیگر شہروں میں گزشتہ روز بھی نجی ہسپتال،کلینکس بند رکھے گئے ہیلتھ کیئر سروسز کو ریٹیل سیلز قرار دینا ناقابل قبول ، مطالبات نہ مانے گئے تو خدمات بند کر دینگے :پی ایم اے

لاہور،گوجرانوالہ،ننکانہ صاحب ،پاکپتن، میانوالی، ملتان،کراچی،(مانیٹرنگ ڈیسک،سٹی رپورٹر، لیڈی رپورٹر،نمائندگان دنیا،نیوز ایجنسیاں) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن(پی  ایم اے )نے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کردیا اور ملک بھر میں تمام طبی مراکز بند رکھنے کی ہدایت جاری کردی۔ ایف بی آر کی مبینہ ہراسانی، چھاپوں، جرمانوں اور ٹیکس پالیسیوں کے خلاف پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کردیا۔ پی ایم اے نے آج ملک بھر میں تمام طبی مراکز بند رکھنے کی ہدایت کردی ہے ، جبکہ مطالبات کی منظوری کے لیے صوبائی اور مقامی قیادت کی جانب سے بیک وقت پریس کانفرنسیں بھی کی جائیں گی۔گزشتہ روز پی ایم اے نے نجی ہسپتالوں پر پوائنٹ آف سیل یعنی پی او ایس سسٹم لاگو کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہیلتھ کیئر سروسز کو ریٹیل سیلز قرار دینا ناقابل قبول ہے ۔ پی ایم اے سینٹرل کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عبدالغفور شورو نے کہا کہ ایف بی آر کے چھاپوں، جرمانوں اور مبینہ ہراسانی کے خلاف طبی برادری سراپا احتجاج ہے ،انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایف بی آر پی او ایس کی شرط واپس لے ، غیر ضروری جرمانے ختم کیے جائیں اور ہسپتالوں پر چھاپے بند کیے جائیں۔ پی ایم اے کا کہنا ہے کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ملک بھر میں طبی خدمات غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے پر غور کیا جائے گا۔

پی ایم اے کے مطابق آج سہ پہر 3 بجے صوبائی اور مقامی قیادت کی جانب سے بیک وقت پریس کانفرنسیں کی جائیں گی، جن میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔دریں اثنا گوجرانوالہ میں بھی گزشتہ روز ایف بی آر کی پالیسیوں کے خلاف پی ایم اے کی کال پر نجی ہسپتال اور کلینک بند رہے ، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن، پرائیویٹ ہسپتال ایسوسی ایشن اور سوسائٹی آف فیملی فزیشنز گوجرانوالہ کے عہدیداروں نے اس موقع پر اپنے مشترکہ مؤقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر طبی برادری کے نمائندوں کے ساتھ بامقصد مذاکرات کرے ، پوائنٹ آف سیل سسٹم کے نفاذ اور متعلقہ قانونی اقدامات کے حوالے سے پائے جانے والے تحفظات دور کرے ۔ہراسمنٹ، چھاپوں اور انسپکٹرز کی تعیناتی کسی صورت قابل قبول نہیں۔ عارفوالا میں تمام پرائیویٹ ہسپتال اور کلینکس بطور احتجاج بند رہے ۔ہڑتال کا فیصلہ پی ایم اے کے صدر ڈاکٹر سعید احمد شیخ کی صدارت میں منعقد ہونے والے اجلاس میں کیا گیا تھا ۔ننکانہ صاحب میں ڈاکٹروں نے ایف بی آر کے خلاف ایک روزہ علامتی ہڑتال کی۔

ہڑتال کے باعث تمام نجی ہسپتال اور کلینکس بند رہے ، جس سے علاج کے لیے آنے والے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ڈاکٹرز فورم ننکانہ صاحب کے صدر ڈاکٹر شاہد اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر اعجاز محمود نے کہا کہ احتجاج ایف بی آر کے ٹیکس اقدامات اور مبینہ سخت رویے کے خلاف کیا گیا ہے ۔ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں نجی ہسپتالوں اور کلینکس میں ہڑتال کی گئی،نجی ہسپتالوں سمیت متعدد کلینکس بند رہے ، ڈاکٹروں نے او پی ڈیز، کلینکس، معمول کے چیک اپ اور اختیاری طبی کارروائیاں معطل رکھیں تاہم ایمرجنسی سروسز اور پہلے سے داخل مریضوں کا علاج جاری رکھا گیا تاکہ ہنگامی نوعیت کے مریض متاثر نہ ہوں۔پی ایم اے ملتان کے صدر پروفیسر ڈاکٹر مسعود الرئوف ہراج کی سربراہی میں عہدیداروں نے مختلف نجی ہسپتالوں اور کلینکس کا دورہ کرکے ہڑتال کی مانیٹرنگ کی۔ ایف بی آر کی جانب سے عائد ٹیکس کے خلاف ڈاکٹروں کی جانب سے خیبرپختونخوا میں اپنے نجی کلینکس بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ۔ڈا کٹرز کے مطابق صوبے بھر کے نجی کلینکس میں معائنہ اور دیگر طبی خدمات معطل رہیں ، ڈاکٹرز تنظیموں نے ایف بی آر سے عائد ٹیکس واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...