2لاکھ ٹن چینی برآمد کرنیکی منظوری،گندم درآمد کیلئے صوبوں کو ٹی سی پی سے معاہدوں کی ہدایت
چینی کی قیمتوں پر نظر رکھنے اور ملکی منڈی میں استحکام کیلئے مانیٹرنگ کمیٹی قائم، صارفین کے مفادات کے تحفظ کی ہدایت سندھ کیلئے مزید 1 لاکھ 85 ہزار میٹرک ٹن گندم درآمد ہوگی، گندم درآمد کیلئے کم ترین بولی قبول کی جائے :نائب وزیراعظم
اسلام آباد (وقائع نگار) ملک میں چینی کی سرپلس پیداوار کے باعث حکومت نے 2 لاکھ میٹرک ٹن اضافی چینی برآمد کرنے کی منظوری دے دی۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت اضافی چینی کی برآمد سے متعلق کابینہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں چینی برآمد کرنے کے طریقہ کار کو حتمی شکل دی گئی۔اجلاس میں چینی کی قیمتوں پر باقاعدگی سے نظر رکھنے اور ملکی منڈی میں قیمتوں کے استحکام کو یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ کمیٹی قائم کر دی گئی۔ نائب وزیراعظم نے متعلقہ تمام وزارتوں کو ہدایت کی کہ زیر التوا امور اور ضروری کارروائی فوری مکمل کرتے ہوئے چینی کی برآمد کا عمل تیز کیا جائے ۔ ملکی صارفین کے مفادات اور چینی کی مقامی قیمتوں کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جائے ۔ علاوہ ازیں اسحاق ڈار کی زیر صدارت گندم درآمد سے متعلق اسٹیئرنگ کمیٹی کا ساتواں اجلاس ہوا جس میں گندم کی درآمد کے انتظامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اسحاق ڈار نے گندم درآمد کے لیے کم ترین بولی قبول کرنے کی ہدایت کی ، سندھ کے لیے مزید 1 لاکھ 85 ہزار میٹرک ٹن گندم درآمد ہوگی ۔ اسحاق ڈارنے پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کی حکومتوں کو ہدایت کی کہ مطلوبہ ادائیگیوں کا بروقت انتظام کیا جائے اور ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے ساتھ سہ فریقی معاہدے جلد مکمل کیے جائیں تاکہ گندم کی درآمد مقررہ وقت کے اندر مکمل ہو سکے ۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ گندم کی درآمد کا مقصد ملک میں گندم کی مناسب دستیابی یقینی بنانا اور مناسب نرخوں پر اس کی فراہمی ممکن بنانا ہے جس سے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے گا ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments