پٹرولیم لیوی میں کمی نہیں مکمل خاتمہ چاہتے ہیں:جماعت اسلامی
وزیراعظم نے مذاکرات میں تاخیر کی تو سپرلانگ مارچ شروع کردیں گے ملک میں لوٹ مار کا بازار گرم ،، معاشی نظام عدم استحکام کا شکار:لیاقت بلوچ
اسلام آباد،لاہور(اپنے رپورٹرسے ،سٹاف رپورٹر)نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی میں کمی نہیں مکمل خاتمہ چاہتے ہیں، وزیراعظم اپنے وعدے پر عمل درآمد کرتے ہوئے بات چیت کا آغاز کریں ، معاملات کو لٹکانے کی کوشش کی گئی تو ملتان سے سپر لانگ مارچ کا آغاز ہوجائے گا۔ منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے ان سے ٹیلی فون رابطہ کیا ہے اور آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کے لیے مشاورت اور باقاعدہ دعوت دینے کے لیے منصورہ آنے کا کہا ہے ، پی ٹی آئی کی پیشکش سے متعلق امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کو آگاہ کردیا جائے گا۔ لیاقت بلوچ نے کہا لیوی کے خلاف جاری مہم کے سلسلہ میں امیر جماعت اسلامی آج حیدرآباد اس کے بعد اوکاڑہ، چارسدہ ، بونیر میں جلسے کرینگے ۔ سپرلانگ مارچ کے لیے چاروں صوبوں میں تیاریاں اور انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے ، لانگ مارچ کاملتان سے آغاز ہونے کے بعد اسلام آباد تک جگہ جگہ استقبالی کیمپ لگائے جائیں گے ، لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملک میں کرپشن ، لوٹ مار کا بازار گرم ہے ،معاشی نظام عدم استحکام کا شکار ہے ، بدامنی اور دہشت گردی میں اضافہ ہورہاہے ، اس صورتحال میں ضروری ہے کہ قومی قیادت قومی ترجیحات کا تعین کرکے قومی ڈائیلاگ کا آغاز کرے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments