صدرایشیائی ترقیاتی بینک کی ایم ایل ون کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی

صدرایشیائی ترقیاتی بینک کی ایم ایل ون کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی

اے ڈی بی متاثرہ ممالک کیلئے موسمیاتی مالیاتی سہولت قائم کرے :احسن اقبال،ملاقات میں گفتگو وفاقی وزیر کی ملکی جامعات ، تحقیقی اداروں کو کیئرک کے علمی نیٹ ورک سے جوڑنے کی پیشکش

اسلام آباد (وقائع نگار)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر ماساتو کانڈا سے ملاقات کی، اس موقع پراے ڈی بی صدر نے ایم ایل ون کیلئے مکمل تعاون اور آئندہ کیئرک وزارتی کانفرنس کیلئے حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان صرف معدنیات نکالنے کے بجائے انہیں اعلیٰ قدر کی مصنوعات میں ڈھالنے کی طرف بڑھ رہا ہے اور وسطی ایشیا کی معدنیات عالمی منڈیوں تک پہنچانے کیلئے کیئرک کا جنوبی گیٹ وے بن سکتا ہے ۔احسن اقبال نے موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کیلئے اے ڈی بی کی الگ مالیاتی سہولت قائم کرنے اور موسمیاتی موافقت و ماحولیاتی تحفظ کیلئے اضافی مالی معاونت کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے موسمیاتی خطرات کی نشاندہی کیلئے مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی تجویز دی۔

علاوہ ازیں اولان باتور میں کیئرک انسٹی ٹیوٹ کی گورننس کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے پاکستان سنگل ونڈو کے تجربے اور ملکی جامعات و تحقیقی اداروں کو کیئرک کے علمی نیٹ ورک سے جوڑنے کی پیشکش کی۔ وفاقی وزیر نے کیئرک انسٹی ٹیوٹ کو قابل اعتماد علاقائی علمی مرکز میں تبدیل کرنے کی تجویز دی جہاں رکن ممالک کے تجربات، تحقیق اور معلومات کو یکجا کرکے مشترکہ معاشی و ترقیاتی چیلنجز کے عملی حل تلاش کیے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 2027 میں کیئرک کی صدارت سنبھالے گا اور اپنے دور صدارت میں علم و تجربات کے تبادلے کو مرکزی حیثیت دے گا۔احسن اقبال نے علاقائی اعداد و شمار، پالیسی ذرائع، منصوبوں کے جائزوں اور عملی تجربات پر مشتمل علمی پلیٹ فارم اور ماہرین کی فہرست قائم کرنے کی تجویز دی تاکہ پالیسی ساز دیگر ممالک کے کامیاب تجربات سے بروقت استفادہ کرسکیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...