مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک نہ ہو نیوالے کاروباری مراکز سیل کرنیکا فیصلہ

 مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک نہ ہو نیوالے کاروباری مراکز سیل کرنیکا فیصلہ

سیل شدہ کاروبار کھلوانے کیلئے جرمانہ ادا ئیگی کے ساتھ مانیٹرنگ سسٹم نصب کرنا ہوگا کاروباری مقام سیل کرنے کیلئے پولیس کی مدد بھی لی جا سکے گی ، سیلز ٹیکس رولز میں ترمیم

اسلام آباد (کامرس رپورٹر) ایف بی آر نے مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک نہ ہونے والے رجسٹرڈ کاروباری مراکز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔ اس حوالے سے سیلز ٹیکس رولز 2006 میں ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیاجس کے مطابق پروڈکشن مانیٹرنگ، ویڈیو سرویلنس یا ڈیجیٹل آئی سسٹم سے منسلک ہونا لازم ہوگا، جبکہ ایف بی آر کے سسٹم سے منسلک نہ ہونے والے رجسٹرڈ کاروبار کارروائی کی زد میں آئیں گے ۔ایف بی آر کے مطابق ضرورت پڑنے پر کاروباری مقام سیل کرنے کیلئے پولیس کی مدد بھی لی جا سکے گی۔ کاروبار سیل کرنے کا طریقہ کار بھی نوٹیفکیشن میں واضح کر دیا گیا ۔ اس کے تحت اسسٹنٹ کمشنر ان لینڈ ریونیو یا اس سے اوپر کا افسر تحریری رپورٹ کمشنر ان لینڈ ریونیو کو دے گاجس کی بنیاد پر کارروائی شروع کی جا سکے گی۔ کمشنر ان لینڈ ریونیو انکوائری کے بعد رپورٹ چیف کمشنر کو ارسال کرے گا جبکہ چیف کمشنر کاروباری مقام سیل کرنے یا نہ کرنے کا تحریری حکم جاری کرے گا۔ایف بی آر کے مطابق کاروباری مقام کا مکمل یا مخصوص حصہ سیل کیا جا سکے گاتاہم سیل کرنے سے قبل کاروباری شخص کو حکم کی کاپی فراہم کرنا لازم ہوگا۔ کاروباری مقام اس وقت تک سیل رہے گا جب تک متعلقہ مانیٹرنگ سسٹم ایف بی آر کے نظام سے منسلک نہیں ہو جاتا۔ سیل شدہ کاروبار دوبارہ کھلوانے کیلئے جرمانہ ادا کرنے کے ساتھ مانیٹرنگ سسٹم نصب کرنا ہوگا، جبکہ تنصیب کے وقت ایف بی آر کی ٹیکنیکل ٹیم بھی موجود ہوگی۔ایف بی آر کے مطابق مانیٹرنگ سسٹم نصب ہونے کے بعد کمشنر ان لینڈ ریونیو تین دن کے اندر سرٹیفکیٹ جاری کرے گا۔ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکٹرانک مانیٹرنگ کے قواعد آئندہ مزید کاروباروں اور مینوفیکچررز پر بھی لاگو کیے جا سکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...