حوثیوں کا معاملہ شیعہ سنی نہیں، دہشتگردی کا ہے ،طاہر اشرفی
حوثیوں کیخلاف فتویٰ ہم نے نہیں دیا، عالمِ اسلام کے مفتیان نے دہشتگرد قرار دیا سعودی عرب سے محبت کرتے رہینگے ، تعظیمِ حرمین شریفین سیمینار سے خطاب
لاہور(سیاسی نمائندہ)چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے لاہور میں تعظیمِ حرمین شریفین سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب سے محبت کا اظہار کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے ،ارضِ حرمین شریفین کی حرمت و سلامتی پوری امتِ مسلمہ کا مشترکہ مسئلہ ہے اور پورا عالمِ اسلام سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حوثیوں کا معاملہ شیعہ سنی معاملہ نہیں بلکہ دہشت گردی کا ہے ، اسے مسلکی رنگ دینا درست نہیں، امتِ مسلمہ سعودی عرب پر ہونے والے حملوں کی مذمت اور حوثیوں کی مخالفت پر متفق ہے ، دہشت گردوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں ہونی چاہیے ،انہوں نے کہا کہ حوثیوں کے خلاف فتویٰ ہم نے نہیں بلکہ عالمِ اسلام کے تمام مفتیان اور مشائخ نے دیا ہے ، حوثیوں کو دہشت گرد قرار دیا تھا۔
انہوں نے اسرائیل اور حوثیوں کے عزائم کو یکساں قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ حوثیوں کے مفتی اور اسرائیل کے وزیراعظم، دونوں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ پر قبضے کی بات کرتے ہیں، انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ حوثیوں نے اسرائیلی اور امریکی جہازوں پر حملے نہ کرنے ، جبکہ سعودی عرب اور دیگر عرب و اسلامی ممالک کے جہازوں کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا ہے ، انہوں نے کہا کہ ایران نے خود حوثیوں سے اظہارِ لاتعلقی کیا ہے ،حافظ طاہراشرفی نے حوثی باغیوں پر بیت اللہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کا الزام عائد کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا سعودی عرب کی یمن میں کارروائی کو مداخلت کہنا درست نہیں، کیونکہ یمن کی قانونی حکومت نے خود سعودی عرب کو اپنی مدد کے لیے بلایا تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments