درآمد شدہ مویشیوں کی خصوصی فارمز میں نشوونما کرکے برآمد کرنیکی منظوری:لائیو سٹاک شعبے کی کارپوریٹ طرز پر تنظیم نو کی جائے :شہبازشریف
خصوصی فارمز میں مویشیوں کی درآمد کو ڈیوٹی فری کیا جائے :وزیراعظم ، اعلیٰ سطح اجلاس میں متعلقہ حکام کو ملک بھر میں قائم ذبح خانوں کی بین لاقوامی سرٹیفکیشن یقینی بنانے کی ہدایت وزیر اعظم سے محسن نقوی کی مسلسل تیسرے روز ملاقات، سیاسی و سکیورٹی صورتحال پر مشاورت ، پولینڈ کے وزیر ٹوماش شیمونیاک بھی ملے ،دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
اسلام آباد(نامہ نگار،دنیا نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف نے لائیو سٹاک شعبے کی برآمدات میں اضافے کیلئے درآمد شدہ مویشیوں کی خصوصی فارمز میں نشونما کرکے انہیں برآمد کرنے ،لائیو سٹاک کے شعبے کو کارپوریٹ خطوط پر استوار کرنے کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت لائیو سٹاک شعبے کی جاری اصلاحات پر اعلیٰ سطح جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، احسن اقبال، ڈاکٹر مصدق ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، مشیر وزیر اعظم ہارون اختر، وزیرمملکت بلال اظہر کیانی او ر متعلقہ اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ لائیو سٹاک شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے اسکی کارپوریٹ طرز پر تنظیمِ نو کی جائے ،اس مقصد کیلئے شعبے میں نجی ماہرین کے تجربے سے استفادہ کیا جائے ، مویشیوں کی برآمد کیلئے خصوصی فارم ہاؤسز کا قیام عمل میں لایا جائے ،ان خصوصی فارمز میں مویشیوں کی درآمد کو ڈیوٹی فری کیا جائے ۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ لائیو سٹاک میں بیماریوں کے خاتمے کیلئے وزارت قومی غذائی تحفظ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کرے ۔انہوں نے مُنہ کُھر کی بیماری کے خاتمے کیلئے مقررہ اہداف کے ساتھ لائحہ عمل آئندہ دو ہفتے میں مرتب کرکے پیش کرنے ،ملک بھر میں قائم ذبح خانوں کی بین لاقوامی سرٹیفکیشن یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس کو لائیو سٹاک شعبے پر تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں تقریباً 245 ملین مویشی موجود ہیں، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 5اعشاریہ 5 کھرب روپے بنتی ہے ،سالانہ تقریباً 74اعشاریہ 69 ملین ٹن دودھ اور 6اعشاریہ 31 ملین ٹن گوشت پیدا ہوتا ہے ،ملک کے تقریباً 80 لاکھ دیہی خاندان لائیو سٹاک سے وابستہ ہیں ،تاہم چھوٹے پیمانے پر مویشی پالنے کا رجحان اور بکھری سپلائی چین برآمدی استعداد سے بھرپور استفادے میں رکاوٹ ہے ، مالی سال 2025-26 میں گوشت کی برآمدات تقریباً 530 ملین ڈالر رہیں ۔ادھر وزیراعظم شہباز شریف سے مسلسل تیسرے روزوفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اہم ملاقات کی ہے ، جس میں ملکی سیاسی اور سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں موجودہ ملکی صورتحال اور سکیورٹی سے متعلق اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔علاوہ ازیں شہباز شریف سے اسلام آباد میں پولینڈ کے وزیر، کونسل آف منسٹرز کے رکن اور کوآرڈینیٹر برائے خصوصی خدمات ٹوماش شیمونیاک نے بھی ملاقات کی ہے جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، کاروباری روابط اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کی تاریخی دوستی کو طویل المدتی، مضبوط اور کثیر الجہتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہے ،دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان روابط مزید بڑھانے کی ضرورت ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک تمام شعبوں میں اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کریں گے ۔ملاقات میں اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور، بالخصوص مشرق وسطٰی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے علاقائی کشیدگی کے خاتمے اور تنازعات کے حل کیلئے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments