190 ملین پاؤنڈ کیس:سزاؤں کیخلاف اپیلوں پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی

190 ملین پاؤنڈ کیس:سزاؤں کیخلاف اپیلوں پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی

شاید اس اپیل سے ہمیں نکالا جا رہا ،وکیل بانی پی ٹی آئی ، کون سے آرڈرسے آپ متاثرہ ہیں؟ اسلام آباد ہائیکورٹ ملاقات کی اجازت کامعاملہ سپریم کورٹ ، وفاقی آئینی عدالت میں ہے ، میرے ہاتھ بندھے ہیں:چیف جسٹس

اسلام آباد(رضوان قاضی،مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد  آصف پر مشتمل ڈویژن بینچ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا ؤں کے خلاف بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں میں بیرسٹر سلمان صفدر کی استدعا پر سماعت ملتوی کردی۔ گزشتہ روز سماعت کے دوران درخواست گزار وکیل سلمان صفدر، نیب پراسیکیوٹر جاوید ارشد اور رافع مقصود عدالت میں پیش ہوئے ، بیرسٹر سلمان صفدر نے راستوں کی بندش کا معاملہ عدالت میں اٹھا یا اور کہاکہ راستے بند اور ٹریفک جام کے باعث آج عدالت پہنچنا بہت مشکل تھا ، میں تو عدالت پہنچ گیا ہوں، لطیف کھوسہ نہیں پہنچ سکے ،اس عدالت سے ریلیف نہ ملے تو ہم اگلے فورم پر جاتے ہیں،گرمیوں کا وہ آرڈر تھا مجھے ایسے لگا کہ شاید اس اپیل سے ہمیں نکالا جا رہا ہے ۔بیرسٹر سلمان صفدر نے مزید کہا کہ یہ سزائے موت کا کیس نہیں نیب کا کیس ہے ،بانی کے 300کیسز میں پیروی کی،میں اس کیس میں وکیل ہوں ایک جملہ کہنا چاہوں گا مجھے کیوں نکالا۔چیف جسٹس نے استفسار کیاکہ گزشتہ سماعت کا کون سا آرڈر ہے جس سے آپ متاثرہ ہیں۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے کہاکہ 16 سماعتوں پر نیب نے التوا لیا،وفاقی آئینی عدالت میں 30 اپریل کو سزا معطلی کی درخواست بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر کی ،میرا کیس اگلے ہفتے وفاقی آئینی عدالت میں لگ جائے گا،اگر یہاں اپیلوں پر سماعت شروع کی تو وہ درخواست غیر موثر ہو جائے گی۔اسلام آباد مذاکرات کے دوران سیاسی درجہ حرارت بڑھ رہا ہے ،ایسے موقع پر ہی یہ کیس آفس کی جانب سے فکس کیا گیا، ہونا نہیں چاہیے تھا۔سلمان صفدر نے عدالت سے عمران اور بشریٰ بی بی سے قانونی مشاورت کے لیے ملاقات کی اجازت دینے کی استدعا بھی کی اور یقین دہانی کرائی کہ ملاقات میں صرف مقدمات سے متعلق امور پر بات کی جائے گی ۔ لطیف کھوسہ کے ایسوسی ایٹ نے عدالت کو بتایاکہ سردار لطیف کھوسہ صاحب لاہور میں ہیں، ان کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جائے ۔ چیف جسٹس نے کہاکہ یہ معاملہ پہلے سپریم کورٹ اور وفاقی آئینی عدالت میں ہے ، اس لئے میرے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں،عدالت نے اپیلوں پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔دوسری طرف بیرسٹرسلمان صفدر نے احاطہ عدالت میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ سپریم کورٹ کے ایک بھی فیصلے پر عملدرآمد نہیں ہوا،اسلام آباد ہائیکورٹ کے متعدد فیصلے ہیں جن کو نہیں مانا گیا،اب تو اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچنا بھی مشن نا ممکن بن چکا ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...