مریم نواز کی عمانی وزیرسے ملاقات ، زراعت ، فشریز،لائیوسٹاک میں تعاون پر اتفاق
مسقط کیلئے زندہ مویشیوں کی برآمد کیلئے وزیراعظم سے درخواست کرینگے :وزیراعلیٰ،سکلڈ ورکرز کیلئے ویزا پابندی اٹھانیکی تجویز سعود بن حمود کی پنجاب میں پہلا شریمپ سنٹر قائم کرنیکی پیشکش،انسپکشن ٹیم کا ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا کا معائنہ
لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عمان کے وزیر زراعت، ماہی گیری اور آبی وسائل سعود بن حمود بن حمد الحبیسی سے ملاقات کی۔ عمانی وزیر نے مریم نواز کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور یواین ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ ملاقات میں پنجاب اور عمان حکومت کے درمیان زراعت، فشریز ، لائیوسٹاک اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ عمانی وزیر نے پنجاب میں پہلا شریمپ سنٹر قائم کرنے کی پیشکش کی۔ ملاقات میں دودھ اور گوشت کیلئے مویشیوں کے ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا۔ مریم نواز نے مسقط کوپنجاب سے میٹ ایکسپورٹ کی پیشکش کی اور پنجاب سے سکلڈ ورکرکی مسقط آمد پر پابندی اٹھانے کے لئے اقدامات کی تجویزدی۔ عمان کے وزیر نے ویزا پابندی اٹھانے کی تجویز سے اتفاق کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں سکلڈ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق ہزاروں نوجوان ٹریننگ لے چکے ہیں۔پاکستان کی 65 فیصد یوتھ ملک کا قابل قدر اثاثہ ہے ، پاکستان کے نوجوانوں کی غیر معمولی صلاحیتوں کو دنیا بھر میں تسلیم کیا جاتا ہے۔
نوجوانوں کو مختلف سیکٹرز میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ فنی ٹریننگ دی جارہی ہے ۔پنجاب میں لاکھوں نوجوانوں کو مقامی جاب مارکیٹ کے مطابق ہنر مند بنایا جارہا ہے ۔ مریم نواز نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے مسقط روانگی پر الوداع کرتے ہوئے دورہ عمان کو خوش بختی قرار دیااورکہا کہ آپ خوش نصیب ہیں، میں تین دفعہ پرائم منسٹر ہونے کے باوجود مسقط نہیں جاپایا۔مریم نواز نے کہا پنجاب میں اپنی چھت،اپنا گھر کے تحت دو سے ڈھائی لاکھ مکانوں کی تعمیر ہاؤسنگ میں گیم چینجر ہے ۔ پنجاب میں دوسرے صوبوں کے لوگ روزگار کے بہترین مواقع اور روشن مستقبل کی تلاش میں آتے ہیں۔سعود بن حمود بن احمد الحبیسی کی سربراہی میں مسقط میں فشریز اور دوسرے شعبوں میں ترقی قابل رشک ہے ۔پنجاب پاکستان کی زرعی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ۔ پنجاب میں ایکوا کلچر کے فروغ کے لئے گزشتہ سال سے شریمپ فارمنگ کا تجرباتی پروگرام کامیابی سے ہمکنار ہوا۔ مظفرگڑھ کے علاقے شاہ گڑھ، علی والا اور سرگودھا میں شریمپ کی ٹرائل فارمنگ کررہے ہیں۔ شاہ گڑھ میں پاکستان کا پہلا سٹیٹ آف دی آرٹ ایکوا کلچر مال اورشریمپ ڈائیگناسٹک لیب بنے گی۔پنجاب میں چین، ناروے ، ویت نام ، انڈونیشیا اور دیگر ممالک کی طرز پر جدید مشینری سے ایکوا فارمنگ کی جارہی ہے۔
بہاولپور سمیت پنجاب کے 30 ہزار ایکڑ پر شریمپ فارمنگ کی پلاننگ کررہے ہیں۔ پنجاب میں ایکوا کلچر کے فروغ کیلئے مسقط کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے ۔پنجاب سے مسقط کیلئے زندہ مویشیوں کی ایکسپورٹ کیلئے وزیراعظم شہباز شریف سے درخواست کی جائے گی۔پنجاب مسقط کوعالمی مارکیٹ کے تناسب سے مناسب نرخ پر بہترین میٹ ایکسپورٹ کیلئے تیار ہے ۔عمان کے وزیر نے کہا کہ پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ کو مسقط آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ مسقط میں سکلڈ ورکر کی ضرورت برقرار ہے ، پاکستان کے نوجوان خداداد صلاحیتوں سے مالا مال ہیں۔پنجاب کو مسقط کے مختلف سیکٹرز میں سکلڈ ورکرز کی ضرورت سے آگاہ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ کنسٹرکشن، ایکواکلچر، ایگریکلچر اور دیگر شعبوں میں پنجاب کے سکلڈ ورکرز کا خیر مقدم کریں گے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پرسی ایم انسپکشن ٹیم نے ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا کا اچانک دورہ کیا اور سرگودھا ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کا جائزہ اور ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا،معاون خصوصی شعیب مرزا نے سرگودھا ہسپتال میں خراب اے سی اور سٹریچرز کی صورتحال پر فوری اقدامات کی ہدایت کی جبکہ ذمہ دار اہلکاروں کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا، شعیب مرزا نے کہا ہسپتال میں سٹریچر کی فوری طور پر کمی پوری کریں اور خراب سٹریچرز کو درست کرائیں،مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی میں غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments