بلوچ عوام اور صوبائی حکومت فورسز کیساتھ کھڑی،ہر قربانی کیلئے تیار:سرفراز بگٹی

بلوچ  عوام اور صوبائی  حکومت فورسز  کیساتھ کھڑی،ہر قربانی  کیلئے  تیار:سرفراز بگٹی

نوجوانوں کا مستقبل دہشت گردی نہیں ، خوشحال بلوچستان سے وابستہ ہے ، امن کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں پختونخوا کے وزیر اعلیٰ عوام کو وفاق پر چڑھائی کیلئے اور ہم کھیلوں کے میدان میں اکٹھا کررہے :وزیراعلیٰ

کوئٹہ (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ عوامی اجتماعات کو وفاق کے خلاف چڑھائی کے لیے جمع کرتے ہیں، جبکہ بلوچستان حکومت نوجوانوں کو کھیلوں کے میدانوں میں اکٹھا کر رہی ہے ،نوجوانوں کا مستقبل دہشت گردی نہیں ، خوشحال بلوچستان سے وابستہ ہے ،بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال چیلنجز سے دوچار ہے ، تاہم صوبائی حکومت عوام اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے خلاف ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہے ۔ایوب سٹیڈیم کوئٹہ میں چیف منسٹر فٹبال گولڈ کپ کے فائنل کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے کھیلوں کے میدان آباد کرنے کا وعدہ کیا تھا، جس کی عکاسی ایوب اسٹیڈیم میں عوام کے جوش و خروش سے ہوتی ہے ۔

انہوں نے کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر محکمہ کھیل اور عوام کو مبارکباد دی اور کہا کہ تمام اضلاع میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے یوتھ ایمپلائمنٹ پروگرام متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ انہیں میرٹ کی بنیاد پر روزگار اور آگے بڑھنے کے مواقع ملیں۔ میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور ہر حقدار نوجوان کو اس کا حق دیا جائے گا۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ نوجوانوں کو لاحاصل جنگ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے ، حالانکہ ان کا مستقبل تعلیم، کھیل، روزگار اور ترقی سے وابستہ ہے ۔ صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا، شہر اور شاہراہیں آباد ہوں گی اور پائیدار امن کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کا مستقبل پاکستان سے وابستہ ہے ۔ حکومت عوام کے ساتھ رابطے میں ہے اور میڈیا کی رہنمائی سے صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور عوام دہشت گردی کے خلاف ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں اور امن و استحکام کے لیے پرعزم ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...