فارم 47 کے ذریعے مسلط نظام بری طرح ناکام ہو چکا: حافظ نعیم الرحمٰن
پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی مسائل کاحل نہیں ، صاف مطلب ہے حکمرانوں کے اقتدار کا چراغ بجھنے والا پیپلز پارٹی ، ن لیگ کی تاریخ ایسے اقدامات سے بھری پڑی :امیر جماعت اسلامی، بحران مزید گمبھیرہوگا:لیاقت بلوچ
لاہور،مانانوالہ(مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کی مخالفت کرتے ہیں یہ مسائل کا حل نہیں،واضح ہو گیا فارم 47 کے ذریعے مسلط کردہ نظام بری طرح ناکام ہو چکا ہے ۔امیر جماعت اسلامی پاکستان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ جب منصب اقتدار پر فائز قوتیں گورنر راج اور ایمرجنسی کے ذریعے حکومت کرنے کی کوشش کریں تو صاف مطلب ہے کہ ان کی حکومت کا چراغ بجھنے والا ہے ، سیاسی مسائل کا حل ایسے اقدامات کے بجائے جمہوری اصولوں اور سیاسی عمل میں تلاش کیا جانا چاہیے ،پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)میں شامل جماعتوں نے رجیم چینج کے وقت جو تماشا شروع کیا ،آج تک جمہوریت دشمنی کا یہ سفر جاری ہے ۔حافظ نعیم الرحمن نے پیپلز پارٹی اور ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں جماعتوں کی تاریخ گورنر راج نافذ کرنے اور عوامی مینڈیٹ تسلیم نہ کرنے کی تاریخ ہے ۔نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے اپنے بیان میں کہا کہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کا نفاذ بڑی غلطی ہے ، اس سے سیاسی بحران مزید گمبھیر ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments