بلوچستان میں فورسز کا آپریشن، 5دہشتگرد ہلاک، 4زخمی
پلانتک میں مارے گئے دہشتگردوں سے جدید اسلحہ و گولہ بارود برآمد ڈیرہ بگٹی میں 80کلو وزنی دھماکا خیزمواد ناکارہ بناکر قبضے میں لے لیا گیا
کوئٹہ،ڈیرہ بگٹی(نامہ نگار،دنیا نیوز)سکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے فتنہ الہندوستان کیخلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں،سکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع واشک کے علاقہ پلانتک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس میں 5 دہشت گرد ہلاک ، جبکہ 4 زخمی ہوئے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے جدید اسلحہ وگولہ بارود برآمد کر لیا ، برآمد شدہ سامان میں آر پی جی7 ، 5 گولے ، میگزینز سمیت 5 جدید ہتھیار،3 موبائل فونز اور 2 موٹر سائیکلیں شامل ہیں۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو جدید ہتھیاروں سے نشانہ بنایا گیا، ہلاک دہشت گرد بلوچ عوام کو لوٹنے ، خوف وہراس پھیلانے اور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچانے میں ملوث تھے ۔سکیورٹی فورسز بلوچستان سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔دریں اثنا ڈیرہ بگٹی میں پولیس اور ایف سی نے دہشت گردی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 80کلو گرام وزنی دھماکا خیزمواد ناکارہ بناکر قبضے میں لے لیا ۔پولیس کے مطابق بدھ کو ڈیرہ بگٹی میں نامعلوم دہشت گردوں نے ایک ڈبے میں دھماکا خیز مواد نصب کرکے سڑک کے کنارے رکھا ہوا تھا مشکوک چیز کی اطلاع ملنے پر پولیس ،ایف سی اور بم ڈسپوزل کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ، بم ڈسپوزل کے عملے نے ڈبے میں موجود 80کلو گرام دھماکا خیز مواد قبضے میں لیکر ناکارہ بنادیا جو نامعلوم دہشت گردوں نے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے دھماکے سے اڑانے کیلئے نصب کررکھا تھا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ۔ پولیس مزید کارروائی کررہی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments