صدر زرداری کا دورہ جرمنی مکمل، وطن واپس روانہ ہوگئے
دورے سے دونوں ممالک میں روابط کو مزید فروغ ملے گا:ایوان صدر
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)صدر مملکت آصف علی زرداری جرمنی کا سرکاری دورہ مکمل کرکے وطن واپس روانہ ہوگئے اور اس دوران جرمن کمپنی نے پاکستان کے شعبہ صحتمیں تعاون مزید گہرا اور وسیع کرنے کے لیے دلچسپی کا اظہار کیا۔ایوان صدر کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب ایکس پر جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری کواعلیٰ جرمن حکام اور پاکستان کے سفیر نے الوداع کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کا دو دہائیوں سے زائد عرصے کے تعطل کے بعد جرمنی کا دورہ دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم پیش رفت ہے اور تاریخی دورہ جرمنی دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریبات کے تناظر میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے ۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور جرمن صدر کی اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کی عکاس ہیں، اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان خیرسگالی اور روابط کو مزید فروغ دینے کی راہیں ہموار ہوں گی، جرمنی کی اعلیٰ قیادت کی پرتپاک میزبانی اور صدر مملکت کا کامیاب دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے امکانات کا عکاس ہے ۔ صدر زرداری کی سیمنز کے ایگزیکٹو نائب صدر ڈینیئل فریش اور سیمنز کے شعبہ حکومتی امور کی سربراہ ویرونیکا فسٹر سے برلن میں ملاقات ہوئی اور اس موقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments