ہائیکورٹ:پوسٹل سٹیکرز کیس کے 7ملزمان کی ضمانت مسترد
سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب اور غیر قانونی ٹرانسپلانٹ ملزمان کا جسمانی ریمانڈ منظور
اسلام آباد (رضوان قاضی)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے جعلی پوسٹل سٹیکرز کیس میں وزارت خارجہ سے تعلق رکھنے والے ملزم سمیع اللہ سمیت 7ملزمان کی ضمانتیں مسترد کر دیں ۔ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد کے مقدمہ میں کورئیر سروس کے سعید خان ، کنسلٹنٹ کمپنی کے فاران اشفاق ، نجیب اللہ ، اظہر اللہ اور وقار زمان اور ٹور کمپنی کے رفیع اللہ بھی ملزم نامزد ہیں ۔ آبپارہ اسلام آباد میں قائم کنسلٹنسی اور کورئیر دفاتر پر کارروائی کر کے ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا ۔ ادھر ایف آئی اے خصوصی عدالت کی جج شائستہ کنڈی نے جعلی ڈگری و مبینہ کرپشن کیس میں گرفتار نیب کے سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر ضیاء خان طورو کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
ایف آئی اے حکام نے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔ ضیاء اللہ خان طورو کو پیر کے روز ضمانت خارج ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ مزید برآں جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی نے گردوں کے غیر قانونی ٹرانسپلانٹ کیس میں گرفتار 4 ملزمان کا مزید2 روزہ جسمانی ریمانڈ اور ایک نئے ملزم کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔ ایف آئی اے نے گرفتار نئے ملزم کے 14 دن اور پہلے گرفتار 4 ملزمان کے مزید 3 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments