پاکستان کو مشرقی ، مغربی سرحدوں پر سکیورٹی چیلنجز کا سامنا :ملک احمد
خطے میں پائیدار امن کے لیے سفارتی کوششیں اور مذاکرات ناگزیر:قصور میں خطاب
لاہور (سیاسی نمائندہ)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا ہے کہ پاکستان اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سفارتی کوششیں اور مذاکرات ناگزیر ہیں۔ خطے کو درپیش سکیورٹی چیلنجز، سرحدی کشیدگی اور دہشت گردی کے تناظر میں قومی سلامتی اور علاقائی استحکام کو ترجیح دینا ضروری ہے ۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سمیت مقدس مقامات کا تحفظ پوری امت مسلمہ کی مشترکہ خواہش ہے ۔ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن قصور کے انڈیپنڈنٹ گروپ آف لائرز کے جنرل ہاؤس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ پاکستان کو مشرقی اور مغربی سرحدوں پر سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے ، جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں سمیت عام شہریوں نے بھی قربانیاں دی ہیں۔
قصور موٹروے منصوبے کو علاقے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے مقامی معیشت، زرعی سرگرمیوں اور عوامی رابطوں کو فروغ ملنے کی توقع ہے ۔قصور بار کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے سپیکرنے کہا کہ وکلا کو باوقار اور معیاری کام کی جگہ، جدید قانون لائبریری، پختہ راستوں اور مناسب پارکنگ سمیت بنیادی سہولتوں کی فراہمی ضروری ہے ۔دریں اثنا سپیکر نے مقامی طرزِ حکمرانی میں اصلاحات سے متعلق بی سی پی آر ٹاسک فورس رپورٹ کی تقریبِ رونمائی میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر سپیکر نے کہا کہ مقامی حکومتوں کو آئینی تحفظ دینا ناگزیر ہے اور اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنا ہوں گے ۔سپیکر نے مقامی طرزِ حکمرانی سے متعلق اہم امور کو قومی مکالمے کا حصہ بنانے پر بی این یو سینٹر فار پالیسی ریسرچ کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ مقامی حکومتوں سے متعلق اصلاحاتی رپورٹ کی سفارشات نظام کو مؤثر بنانے اور اختیارات کی حقیقی منتقلی میں معاون ثابت ہوں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments