سندھ اور گلگت بلتستان میں ادارہ جاتی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق

 سندھ اور گلگت بلتستان میں ادارہ جاتی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق

جی بی میں صحت، محصولات اور سیلاب متاثرہ خاندانوں کے گھروں کی تعمیرنوکے شعبوں میں مکمل تعاون کرینگے ،مرادعلی شاہ وزیراعلیٰ امجد حسین آزاد کو ملاقات میں یقین دہانی،گلگت بلتستان اوراین آئی سی وی ڈی میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تجویز

کراچی(سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ امجد حسین آزاد کو یقین دہانی کرائی کہ سندھ حکومت گلگت بلتستان میں صحت کی سہولیات بہتر بنانے ، محصولات کے نظام کو مضبوط کرنے اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے گھروں کی تعمیرِ نو کے لیے مکمل تعاون کرے گی۔یہ اتفاقِ رائے دونوں وزرائے اعلیٰ کے درمیان وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران ہوا، جس میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا اور سندھ اور گلگت بلتستان کے درمیان ادارہ جاتی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ نے اپنے صوبے میں امراضِ قلب کے ایک اسپتال کی سہولیات بہتر بنانے کے لیے سندھ حکومت سے معاونت طلب کی۔مراد علی شاہ نے قومی ادارہ برائے امراضِ قلب کو ہدایت کی کہ گلگت بلتستان میں اسپتال کی بہتری اور امراضِ قلب کے علاج کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے تکنیکی اور ادارہ جاتی معاونت فراہم کی جائے ۔انہوں نے تجویز دی کہ حکومتِ گلگت بلتستان قومی ادارہ برائے امراضِ قلب کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرے۔

دونوں وزرائے اعلیٰ نے گلگت بلتستان میں بورڈ آف ریونیو کے قیام اور علاقے میں محصولات کے مؤثر انتظامی نظام کی تشکیل پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ مراد علی شاہ نے چیئرمین سندھ ریونیو بورڈ کو ہدایت کی کہ اس سلسلے میں حکومتِ گلگت بلتستان کو مکمل معاونت فراہم کی جائے ۔دونوں فریقوں نے طرزِ حکمرانی اور عوامی خدمات کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے اور مہارتوں کے تبادلے پر اتفاق کیا۔اجلاس میں گلگت بلتستان میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے گھروں کی تعمیرِ نو پر ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ افیکٹیز کی ایک ٹیم نے متاثرہ خاندانوں کی رہائشی ضروریات کا جائزہ لینے کے لیے گلگت بلتستان کی انتظامیہ کے تعاون سے سروے کا کام شروع کردیا ہے ۔انہوں نے سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ افیکٹیز کے سربراہ خالد شیخ کو ہدایت کی کہ گلگت بلتستان میں گھروں کی تعمیر کا کام جنوری یا فروری میں شروع کرنے کو یقینی بنایا جائے ۔اجلاس میں اتفاقِ رائے ہوا کہ دونوں حکومتیں صحت، محصولات کے انتظام اور گھروں کی تعمیرِ نو کے شعبوں میں تعاون مضبوط بنائیں گی، جبکہ سندھ گلگت بلتستان میں عوامی خدمات سے متعلق اہم چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ادارہ جاتی معاونت اور تکنیکی مہارت فراہم کرے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...