ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کیلئے قومی ویمنز سکواڈ کا اعلان
ایشین گیمز میں برانز میڈل جیتنے والی ٹیم کی 12کھلاڑیوں سکواڈ میں برقرار
لاہو (سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے لیے قومی ویمنز ٹیم کے سکواڈ کا اعلان کردیا ہے ۔ ٹورنامنٹ میں منیبہ علی پاکستان ویمنز ٹیم کی قیادت کریں گی جبکہ بلے باز عائشہ ظفر نائب کپتان کی ذمہ داریاں نبھائیں گی۔ایشین گیمز میں برانز میڈل جیتنے والی پاکستان ٹیم کی 12 کھلاڑیوں نے سکواڈ میں اپنی جگہ برقرار رکھی ہے ۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق اعلان کردہ سکواڈ میں ایمان نصیر، ایمان فاطمہ، صدف شمس، سائرہ جبین اور شوال ذوالفقار شامل ہیں۔ سپنرز نشرہ سندھو، مومنہ ریاست، طوبہ حسن اور ام ہانی جبکہ فاسٹ بالرز وحیدہ اختر اور تسمیہ رباب بھی ٹیم کا حصہ ہوں گی۔
دس ٹیموں پر مشتمل آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی 12 سے 25 نومبر تک متحدہ عرب امارات کے شہر عجمان میں کھیلی جائے گی۔ پاکستان کو گروپ بی میں بنگلہ دیش، تھائی لینڈ، نیدرلینڈز اور زمبابوے کے ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ گروپ اے میں سری لنکا، آئرلینڈ، سکاٹ لینڈ، پاپوا نیو گنی اور میزبان متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں شامل ہیں۔ٹورنامنٹ کے گروپ مرحلے میں ہر ٹیم 4 میچز کھیلے گی، جس کے بعد دونوں گروپس کی ٹاپ تین، تین ٹیمیں سپر سکس مرحلے میں جگہ بنائیں گی۔ سپر سکس مرحلے میں ہر ٹیم 3 میچز کھیلے گی جبکہ اس مرحلے کی ٹاپ دو ٹیمیں 26 نومبر کو فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments