تھرپارکر:ایمبولینس میں سلنڈر دھماکہ، اموات 10ہوگئیں

تھرپارکر:ایمبولینس میں سلنڈر دھماکہ، اموات 10ہوگئیں

صدر زرداری، بلاول، وزیر اعلیٰ مراد شاہ کاافسوس، 20لاکھ فی کس امداد کااعلان

تھرپارکر (نامہ نگار)تھرپارکر کے تعلقہ نگرپارکر کے علاقے ڈانو دھاندل میں پی پی ایچ آئی کے حوالے کیے گئے بنیادی صحت مرکز میں مریضوں کو منتقل کرنے کے دوران ایمبولینس میں آکسیجن سلنڈر پھٹنے سے اموات 10 ہوگئیں، دوران علاج اسپتال میں مزید 2 زخمی دم توڑ گئے ۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایمبولینس ڈرائیورپاندی راجڑ، چوکیدار اسحاق تھیبو بھی شامل ہیں۔ زخمی خاتون راجو زوجہ چیتن کراچی منتقلی کے دوران راستے میں چل بسی، جبکہ جسونت میگھواڑ سول اسپتال مٹھی منتقل کیے جانے کے وقت انتقال کرگیا۔ زخمیوں میں سے شریمتی ساہو کور اور ایک معصوم بچے کو کراچی منتقل کردیا گیا، جبکہ دو کمیونٹی مڈوائفز نورجہاں اور ثمینہ کا سول اسپتال مٹھی میں علاج جاری ہے ۔ ایک ہی گھر سے چار لاشیں اٹھنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا، جن کا تعلق گاؤں دیو جی کی ڈھانی سے تھا، جن میں لچھمن میگھواڑ، لاڈو زوجہ سریش میگھواڑ، کرمون زوجہ رنجیت میگھواڑ اور راجو زوجہ چیتن میگھواڑ شامل ہیں۔ پی پی ایچ آئی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جاوید جاگیرانی نے ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ اسپتال پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی۔ دوسری جانب صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے آکسیجن سلنڈر پھٹنے کے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے لیے فی کس 20 لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور چیف سیکریٹری سندھ کو محکمہ صحت کے ذریعے واقعے کی شفاف انکوائری کروا کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہلاک ہونے والوں کی آخری رسومات کے انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ سید مراد علی شاہ نے رکن سندھ اسمبلی قاسم سومرو کو نگرپارکر پہنچ کر امدادی اور انتظامی اقدامات کی نگرانی کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...