حکومت سندھ چینی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پرعزم،مرادشاہ
چینی قونصل جنرل کی ملاقات، جمہوریہ ترکیہ کے اعلان کی 103ویں سالگرہ پر مبارکباد
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور چین کے قونصل جنرل فینگ ڈیہینگ نے ملاقات میں دوطرفہ تعاون، سرمایہ کاری کے مواقع، جدید ٹیکنالوجی، زراعت، شہری سلامتی اور سندھ میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں خصوصی طور پر ان حکومتی معاہدوں کو حتمی شکل دینے پر توجہ مرکوز کی گئی، جن پر وزیراعلیٰ کے حالیہ دورئہ چین کے دوران سندھ حکومت نے چینی کمپنیوں کے ساتھ دستخط کیے تھے ۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید اور پرنسپل سیکریٹری آغا واصف نے بھی شرکت کی۔ چین کے قونصل جنرل نے شنگھائی سرمایہ کاری کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کانفرنس میں 400 سرمایہ کاروں کی شرکت سندھ حکومت پر ان کے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے ۔ مراد علی شاہ نے کہا سندھ حکومت چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ تعاون مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پرعزم ہے ، کراچی سیف سٹی منصوبے کے دوسرے مرحلے کے لیے ہواوے کے ساتھ مذاکرات کو حتمی شکل دی جارہی ہے ۔
انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ منصوبے پر جلد کام شروع کیا جائے ، کیونکہ کراچی جیسے بڑے شہر کے لیے جدید سکیورٹی نظام ضروری ہے ۔سندھ حکومت کا مقصد کراچی میں سکیورٹی اور نگرانی کو مضبوط بنانے کے لیے جدید ترین سیف سٹی نظام قائم کرنا ہے ، جس میں ایک جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر بھی شامل ہوگا۔وزیراعلیٰ نے کہا سندھ میں سورج مکھی اور گندم کی پیداوار بڑھانے کے لیے چینی ٹیکنالوجی کے حصول پر بھی بات چیت ہوئی ہے ۔ صوبائی حکومت زرعی پیداوار بہتر بنانے اور شعبہ زراعت کی ترقی کے لیے چین کی تکنیکی مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہے ۔ بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا سندھ حکومت موسم سرما کے دوران سکھر بیراج کے باقی ماندہ گیٹس نصب کرنا چاہتی ہے ۔حکومت سکھر بیراج اور اس سے نکلنے والی نہروں کے لیے 100 گیٹس کی تنصیب کا کام تیز کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا چین کے شہر ییچانگ کے ساتھ سکھر کے سسٹر سٹی تعلقات قائم کرنے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی ہے ۔ سسٹر سٹی معاہدے سے دونوں شہروں کی جامعات، اسپتالوں اور دیگر اداروں کے درمیان تعاون کے مواقع پیدا ہوں گے ، جس سے علم اور تجربات کے تبادلے اور مشترکہ اقدامات کی راہ ہموار ہوگی۔وزیراعلیٰ اور چین کے قونصل جنرل نے دوطرفہ تعاون مضبوط بنانے اور معاہدوں پر عمل درآمد میں سہولت فراہم کرنے کے لیے مختلف شعبوں میں ورکنگ گروپس قائم کرنے پر اتفاق کیا۔مراد علی شاہ نے کہا ورکنگ گروپس کی تشکیل سے مؤثر رابطہ کاری یقینی بنانے اور ملاقات میں زیر بحث مختلف اقدامات پر پیش رفت تیز کرنے میں مدد ملے گی۔ ملاقات میں سندھ حکومت اور چینی فریق نے سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، زراعت، شہری سلامتی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔علاوہ ازیں جمہوریہ ترکیہ کے اعلان کی 103ویں سالگرہ کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے ترکیہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے سندھ حکومت کے عزم کا اعادہ کیا، بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، بنیادی ڈھانچے ، تعلیم، ٹیکنالوجی اور ثقافتی تبادلے کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔وزیراعلیٰ نے سندھ حکومت اور عوام کی جانب سے ترک حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کو بھائی چارے کا ایک تاریخی رشتہ قرار دیا، جس کی بنیاد مشترکہ اقدار، باہمی احترام، ثقافتی ہم آہنگی اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی پر قائم ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا پاکستان اور ترکیہ کی دوستی روایتی سفارتی تعلقات سے کہیں بڑھ کر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعلق دونوں ممالک کے عوام کی مخلصانہ محبت اور ضرورت کے وقت ایک دوسرے کا ساتھ دینے کے مشترکہ عزم سے مضبوط ہوتا ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ حقیقی دوستی صرف الفاظ سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے ثابت ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا عالمی اقتصادی منظرنامے میں تبدیلیاں پاکستان اور ترکیہ کے لیے مشترکہ منصوبوں، سرمایہ کاری میں سہولت، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور علم و تجربات کے تبادلے کے ذریعے اپنی اقتصادی شراکت داری مضبوط بنانے کے نئے مواقع فراہم کررہی ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے ترک کاروباری اداروں، سرمایہ کاروں اور اداروں کو سندھ میں موجود مواقع کا جائزہ لینے اور مقامی شراکت داروں کے ساتھ طویل مدتی شراکت داریاں قائم کرنے کی دعوت دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments