ایران امریکا مذاکرات قطری وفد تہران پہنچ گیا:مکہ ،ریاض پر داغے ڈرون ،میزائل تباہ ،آبنائے ہرمز میں3آئل ٹینکرز نشانہ،تیل مہنگا
سعودی عرب میں ایک شہری زخمی،یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر حملے ، 2اہم رہنماؤں سمیت 324 جنگجو جاں بحق قشم میں دھماکے ، جے ڈی وینس کی محسن رضائی سے براہ راست ملاقات کی پیشکش، ایران جنگ جلد ختم ہو جائیگی:ٹرمپ
تہران،ریاض(نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)ایران امریکا رابطوں میں پیش رفت کی کوششوں کے تحت قطری وفد تہران پہنچ گیا،سعودی اتحاد نے مکہ اور ریاض پر داغے گئے ڈرون، میزائل فضا میں ہی تباہ کردئیے ، آبنائے ہرمز میں 3آئل ٹینکر بھی نشانہ بن گئے ، جس کے بعد تیل کی عالمی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیا۔ سعودی اتحادی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ حوثیوں کا مکہ کی جانب داغا گیا ڈرون فضا میں تباہ کردیا گیا ہے ۔ریاض پر داغے 2 میزائل بھی تباہ کردئیے گئے ،میزائلوں کا ملبہ گرنے سے شہری معمولی زخمی، گاڑی اور گھر کو نقصان پہنچا۔یمنی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران حوثیوں کے خلاف 982 فضائی کارروائیوں میں حوثیوں کے کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز، فیلڈ کمانڈروں، سنائپر پوزیشنز اور سپلائی لائنز کو نشانہ بنایا گیا۔ حوثیوں کے 324 جنگجوجاں بحق ہوگئے جبکہ 108 گاڑیوں، آلات اور درمیانے سے بھاری ہتھیاروں کو تباہ یا ناکارہ بنایا گیا۔عرب میڈیا کے مطابق حوثی ملیشیا کے دو اہم رہنما ابراہیم النونو اور ابوعبداللہ السفیانی بھی جاں بحق ہوگئے ۔یمنی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو خط لکھ کر عدن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حوثیوں کے حملے روکنے کیلئے مؤثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگ سے ٹکرا کر 3 ٹینکرز میں آگ لگ گئی۔پاسدارانِ انقلاب کے مطابق آبنائے ہرمز میں ایک سپر ٹینکر بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں جہاز میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی ہے ۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ آج کا تیسرا ٹینکر ہے جو غیر مجاز راستے سے گزرنے کی وجہ سے دھماکے کا شکار ہوا اور اس میں آگ لگ گئی۔قبل ازیں پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے آبنائے ہرمزکے جنوبی پانیوں میں تیل کے دو آئل ٹینکرز کو روک لیا ہے ۔بیان کے مطابق ان دونوں جہازوں نے اپنے نیویگیشن اور پوزیشننگ سسٹمز بند کر رکھے تھے اور وہ امریکی فوج کی مبینہ مدد سے آبنائے ہرمز کے غیر مجاز راستوں کے ذریعے وہاں سے نکلنے کی کوشش کررہے تھے ۔روکے جانے سے قبل ان ٹینکرز نے ریڈیو پر دی جانے والی کئی وارننگز کو نظر انداز کیا، ایک خطرناک علاقے میں داخل ہوئے اور کچھ حادثات کے شکار ہوئے ۔ تاہم بیان میں اس بات کی کوئی وضاحت نہیں کی گئی کہ وہ حادثات کس نوعیت کے تھے ۔برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنزنے آبنائے ہرمز میں عمان کے شمال مشرقی علاقے میں بحری جہاز میں آگ بھڑک اٹھنے کی اطلاع دی ہے ۔یو کے ایم ٹی او کے مطابق آبنائے ہرمز سے نکلنے والے ایک آئل ٹینکر کے ڈھانچے کے ساتھ دھماکہ خیز مواد لگا کر اسے نشانہ بنایا گیا۔ایران کے جزیرہ قشم کے سمندری علاقے میں کئی دھماکے سنے گئے ، ایرانی خبرایجنسی کا کہنا ہے کہ پاسداران انقلاب کی ایرو سپیس فورس نے ایک دشمن لڑاکا طیارے کو روک کر قشم کے علاقے سے واپس جانے پر مجبور کر دیا۔آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکرز پر حملوں کی اطلاعات پر تیل کی قیمتوں میں 2 فیصد اضافہ ہوگیا، جمعے کو برینٹ کروڈ آئل کی قیمت بڑھ کر 117 ڈالر ہو گئی ،ڈبلیو ٹی آئی 114 ڈالر فی بیرل پر فروخت ہوا جبکہ اماراتی مربن کی قیمت 115 ڈالرفی بیرل تک پہنچ گئی۔
ا لجزیرہ کے مطابق اس ماہ کے دوران برینٹ کروڈ آئل کی قیمتوں میں تقریباً 11 فیصد اضافے کا امکان ہے ۔ادھر ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے تصدیق کی ہے کہ ایک قطری وفد جمعہ 30 اکتوبر کی صبح تہران پہنچا، جہاں وہ ایرانی حکام کے ساتھ مذاکرات کرے گا۔ اس وفد کی قیادت قطری وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ کے ایک سینئر مشیر کر رہے ہیں۔ وفد کے دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات اور خطے کی تازہ صورتحال پر مشاورت کی جائے گی۔قطری ثالثین کا دورہ امریکا ایران معاہدے تک پہنچنے کی کوششوں کا حصہ ہے اور ثالثی کیلئے ہونے والی بات چیت امریکا کے ساتھ رابطے اور مشاورت سے کی جارہی ہے ۔ رائٹرز کے مطابق مذاکرات سے واقف ایک عہدیدار نے بتایا کہ قطری وفد نے گزشتہ اتوار (25 اکتوبر) کو تہران کے دورے کے دوران ایران کو ایک مجوزہ امن منصوبہ پیش کیا تھا، تاہم ایک سینئر ایرانی عہدے دار نے ان تجاویز کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ تہران اپنے جوہری مؤقف پر قائم رہے گا۔رپورٹ کے مطابق واشنگٹن چاہتا ہے کہ مذاکرات کے آغاز ہی سے جوہری معاملہ ایجنڈے میں شامل ہو، جبکہ تہران کا اصرار ہے کہ امریکا پہلے ایرانی بندرگاہوں کے محاصرے کا خاتمہ کرے اور ایرانی تیل کی برآمدات پر عائد پابندیاں اٹھائے ۔ترکیہ میں امریکا کے سفیر اور ڈونلڈ ٹرمپ کے شام اور عراق کیلئے خصوصی نمائندے ٹام باراک کا کہنا ہے کہ واشنگٹن اور تہران فوجی کشیدگی میں کمی سے متعلق ایک معاہدے تک پہنچنے کے بہت قریب ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ دو ہفتوں کے دوران کشیدگی کم کرنے اور فوجی جھڑپوں کو روکنے کیلئے اہم اقدامات کیے جائیں گے ۔امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایرانی قومی سلامتی کے سربراہ محسن رضائی سے براہ راست ملاقات کی پیشکش کی ہے ۔ ممکنہ ملاقات استنبول یا دوحہ میں ہو سکتی ہے ۔ وینس نے گزشتہ ہفتے محسن رضائی کو خط بھیجا تھاجس میں دونوں ممالک کے قومی مفادات کو مذاکرات کی بنیاد بنانے پر زور دیا گیا۔وینس نے کہا میں خود امریکی وفد کی قیادت کرونگا۔امریکی نائب صدر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ فوجی تنازعے کو لامتناہی جنگ میں تبدیل نہیں ہونے دیں گے ،طویل جنگوں کی مخالفت کا مطلب ہر قسم کی فوجی طاقت کے استعمال کی مخالفت نہیں ہے ۔انہوں نے کہا میں مشرقِ وسطٰی میں فوجی مہم جوئی سے متعلق عوام کی مایوسی کو سمجھتا ہوں،ہم تقریباً سات ماہ سے کسی نہ کسی شکل میں ایران کے معاملے میں مصروف ہیں۔ امریکا 47 برس سے ایران سے نمٹ رہا ہے ، اور میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے معاملے کو ایک لامتناہی جنگ میں تبدیل نہیں ہونے دیں گے ، انہوں نے زور دیا کہ ٹرمپ امریکی اہداف حاصل کریں گے اور اس کے بعد حکومت اپنی دیگر ترجیحات پر توجہ مرکوز کر سکے گی۔
ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایرانی قیادت کا صفایا ہوچکا ہے ، سمجھ نہیں آتا کہ مذاکرات کس سے کیے جائیں، تاہم مذاکرات کیلئے ایرانی قیادت کا موجود نہ ہونا کوئی بڑا مسئلہ نہیں۔ ایران سے ضمانت چاہیے کہ وہ کبھی ایٹمی ہتھیار نہیں بنائے گا، اگر ایران کے پاس ایٹمی ہتھیار ہوتا تو اسے سر کہہ کر مخاطب کرتا، لیکن وہ ایران کو سر کہہ کر مخاطب کرنے والے نہیں ہیں۔انہوں نے کہا ایران کے ساتھ جنگ انہوں نے شروع نہیں کی بلکہ ایرانی قیادت نے 1979 میں امریکا کے خلاف جنگ شروع کی تھی۔انہوں نے کہا ایران جنگ جلد ختم ہو جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments