مریم نواز سے فرانسیسی سفیر کی ملاقات، پنجاب میں سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق
وزیراعلیٰ کی اربن ویسٹ واٹر گورننس پراجیکٹ کیلئے فرانسیسی سرمایہ کاروں کو مواقع سے فائدہ اٹھانے کی پیشکش بچت کی عادت بہتر اور محفوظ مستقبل کی بنیاد،ماحول دوست اور پائیدار شہری ترقی وقت کی اہم ضرورت:وزیراعلیٰ
لاہور (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے فرانس کے نئے سفیر ژاں نوئل پواریے نے ملاقات کی، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور جی ایس پی پلس کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فرانسیسی سفیر نے وزیراعلیٰ کو فرانس کے دورے کی دعوت دی جبکہ مریم نواز نے فرانسیسی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں زراعت، صنعت، لائیو سٹاک، توانائی اور شہری ترقی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی۔ملاقات میں پنجاب اور فرانس کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی شراکت داری بڑھانے پر اتفاق بھی کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے این ٹی ڈی سی کی ٹرانسمیشن لائنوں اور گرڈ سٹیشنوں کے لیے 180 ملین یورو قرض کی فراہمی پر فرانس کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس پاکستان کی برآمدات اور پنجاب کی صنعتی معیشت کے لیے لائف لائن ہے، یورپی منڈیوں تک ترجیحی رسائی ناگزیر ہے ۔ انہوں نے پنجاب کے بڑے شہروں میں اربن ویسٹ واٹر گورننس پراجیکٹ کیلئے فرانسیسی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی پیشکش کی۔
دریں اثنا عالمی یوم بچت پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ بچت کی عادت بہتر اور محفوظ مستقبل کی بنیاد بچت ہے ،غیر ضروری اخراجات میں کمی اور وسائل کا دانشمندانہ استعمال ضروری ہے ۔ خواتین اور نوجوانوں کو مالی خودمختاری اور بچت کی عادات اپنانی چاہئیں۔ شہروں کے عالمی دن پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ صاف، سرسبز، محفوظ اور جدید شہر ہر شہری کا بنیادی حق ہیں۔ ماحول دوست اور پائیدار شہری ترقی وقت کی اہم ضرورت ہے ،پنجاب میں صفائی، نکاسی آب، ٹریفک مینجمنٹ اور جدید شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments