قتل کے مقدمات میں عمر قید کی سزا پانیوالے 2 ملزم بری
فوجداری مقدمے میں ایک معقول شک ملزم کی بریت کیلئے کافی :لاہور ہائیکورٹ
لاہور (کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ نے قتل کے دو الگ الگ مقدمات میں عمر قید کی سزا پانے والے 2 ملزموں کو بری کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے قتل کیس میں عمر قید کی سزا پانے والے ملزم سموئیل مسیح کو بری کرتے ہوئے قرار دیا کہ پراسیکیوشن ملزم کے خلاف جرم شک و شبہ سے بالاتر ثابت کرنے میں ناکام رہی،فوجداری مقدمے میں ایک بھی معقول شک ملزم کی بریت کیلئے کافی ہے۔ اپیل کنندہ درخواست گزار سموئیل مسیح نے ایڈیشنل سیشن جج گوجرانوالہ کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ رجوع کیا تھا،عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ درخواست گزار سموئیل مسیح اور امتیاز مسیح کے خلاف مئی 2021 کو خاتون کنزہ اعجاز کے قتل کا تھانہ کینٹ گوجرانوالہ میں مقدمہ درج ہوااور ایڈیشنل سیشن جج گوجرانوالہ نے سموئیل مسیح کو 2021ء میں عمر قید کی سزا سنائی جبکہ شریک ملزم کو بری کر دیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ پراسیکیوشن ملزم کے خلاف جرم شک و شبہ سے بالاتر ثابت کرنے میں ناکام رہی ،فوجداری مقدمے میں ایک بھی معقول شک ملزم کی بریت کیلئے کافی ہے ،درخواست گزار سموئیل مسیح کے خلاف ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جاتا ہے ،فوری جیل سے رہا کیا جائے ۔ادھر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد امجد رفیق نے مقدمہ قتل میں عمر قید کی سزا پانے والے مجرم سلمان احمد کو تین سال بعد شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کرنے کا حکم دے دیا ۔عدالت نے ناقص تفتیش اور شواہد میں تضاد کی بنیاد پر ملزم کو بری کیا۔فیصلے میں قرار دیا کہ پولیس نے اہم گواہوں کے بیانات اور سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے میں غفلت برتی،عدالت نے پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کو ناقص پراسیکیوشن پر کارروائی اور صوبے بھر میں رہنما اصول جاری کرنے کی ہدایت کی، ملزم کے خلاف تھانہ مصری شاہ نے 2023 میں قتل کا مقدمہ درج کیا تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments