شاہ محمود کی درخواست ضمانت پر سماعت، پھر ریکارڈ پیش نہ ہوا
پراسیکیوشن کے ریکارڈ پیش نہ کرنے پر برہمی ، حماد کی درخواست پر نوٹس جاری
لاہور (آئی این پی)جناح ہاؤس کے قریب پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت پر سماعت 7 نومبر تک ملتوی کردی گئی، جبکہ جناح ہاؤس حملے اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے بھی جیل سے ضمانت کی درخواست دائر کردی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے شاہ محمود قریشی کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
دوران سماعت شاہ محمود قریشی کے وکیل رانا مدثر عمر دلائل کے لیے پیش ہوئے ، تاہم پراسیکیوشن نے مقدمے کا ریکارڈ پیش کرنے کے لیے مزید مہلت طلب کرلی۔ عدالت نے ریکارڈ پیش نہ کرنے پر پراسیکیوشن پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر مکمل ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا اور سماعت 7 نومبر تک ملتوی کردی ۔ دوسری جانب حماد اظہر نے جناح ہاؤس حملے اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں ضمانت کی درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں سیاسی بنیادوں پر تین سال کی تاخیر سے گرفتار کیا گیا، لہٰذا ضمانت پر رہا کیا جائے۔ عدالت نے درخواست پر نوٹس جاری کردئیے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments