تجاوزات کیخلاف زیروٹالرنس پالیسی اپنائی جائیگی:طلال چودھری
کیا کوئی شخص اگر سڑک پر قبضہ کرکے اپنے والد کا نام لکھ دے تو یہ جائز ہو جائے گا؟ اسلام آباد میں ہر طاقتور اور امیر شخص کے خلاف کارروائی کی گئی، وزیر مملکت داخلہ
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر ،دنیا نیوز ،این این آئی)وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کوئی کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو، تجاوزات کیخلاف کارروائی جاری رہے گی،مولانا کا تجاوزات کا دفاع کرنا مناسب نہیں ،تجاوزات کسی کی بھی ہوں، زیروٹالرنس پالیسی اپنائی جائیگی۔ بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک فائیو سٹار ہوٹل کی غیر قانونی تعمیر دیوار بھی گرائی گئی ہے ، جبکہ پشاور میں کاروباری شخصیات کی جانب سے قائم غیر قانونی تجاوزات بھی مسمار کی جا رہی ہیں ، اسلام کے نام پر غیر قانونی قبضے جاری نہیں رہ سکتے ، کیا عوام کا راستہ روکنا قانونی ہے ؟ ہمارے دین میں راستے کھولنے کی بات کی گئی ہے۔
طلال چودھری نے کہا کہ کیا کوئی شخص ایک سڑک پر قبضہ کرکے اپنے والد کا نام لکھ دے تو یہ جائز ہو جائے گا؟ کیا سیاست کے زور پر سڑکوں پر قبضہ کیا جا سکتا ہے ؟ وزیر مملکت نے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی پر ذاتی حملے کئے گئے لیکن ان کے موقف کا جواب نہیں دیا جا سکا، بعض افراد شہدا کی قربانیوں کا مذاق اڑاتے ہیں اور شہدا کے نام پر مختص پلاٹوں پر قابض ہیں، ریاست نے ایسے لوگوں کو بہت ڈھیل دی، تاہم اب غیر قانونی قبضوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ہر طاقتور اور امیر شخص کی تجاوزات کے خلاف کارروائی کی گئی ہے ۔طلال چو دھری نے کہا کہ اگر کسی نے جذبات میں آکر بیانات د ئیے ہیں تو اسے اپنی غلطی کا احساس ہونا چا ہئے ، بڑا آدمی وہی ہوتا ہے جو اپنی غلطی تسلیم کرے اور اس کا احساس کرے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments