موسم سرما میں توانائی کے غیر ضروری استعمال سے گریز کریں : وزیر توانائی
گیس طلب پوری کرنے ، لوڈ مینجمنٹ اور گھریلو صارفین کو ریلیف کیلئے اقدامات جاری خطے میں امن کیلئے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر دن رات کوشاں :علی پرویز
لاہور(اے پی پی)وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر سردیوں میں گیس کی طلب پوری کرنے ، لوڈ مینجمنٹ اور گھریلو صارفین کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں،خطے میں قیام امن کے لیے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر دن رات کوشاں ہیں۔یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) کے 29ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ دور میں عالمی سطح پر تیزی سے رونما ہونے والی تبدیلیوں، جدید ٹیکنالوجی اور معاشی مسابقت کے تناظر میں تعلیم کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے ۔ وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آتے ہی عوام کو بھی فوری ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
دسمبر، جنوری اور فروری کے دوران گیس کی فراہمی کے لیے ٹھوس اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں،عوام سے اپیل ہے کہ موسم سرما میں توانائی کے غیر ضروری استعمال سے گریز کریں ، توانائی کے استعمال میں معمولی احتیاط اور ذمہ داری بھی قیمتی زرمبادلہ کی بچت کا ذریعہ بن سکتی ہے ۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت مشکل عالمی معاشی حالات میں ملکی مفادات اور زرمبادلہ کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کر رہی ہے ، حکومت کی کوشش ہے کہ عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھائو کے اثرات کم سے کم عوام تک منتقل ہوں اور حالات بہتر ہوتے ہی عوام کو ریلیف دیا جائے ۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پر امن احتجاج جمہوریت کا حسن ہے ، پی ٹی آئی کے دور میں مجھ پر تشدد ہوا، لیکن اس کے باجود ہم نے ریاست کے خلاف کوئی اقدام نہیں کیا جبکہ پی ٹی آئی ریاست کے خلاف ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے ، کسی کو بھی حکومتی رٹ کو چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments