فیک نیوز، سائبر خطرات سے نمٹنے کیلئے قومی حکمت عملی ناگزیر :عطا تارڑ
پی ٹی اے کی قیادت میں نیشنل سائبر سکیورٹی سوشل میڈیا آگاہی کونسل کے قیام کی تجویز ڈیجیٹل آگاہی کو نصاب کا حصہ بنایا جائے ، اے آئی سے تیار مواد پر لیبلنگ ضروری ، خطاب
اسلام آباد ( اے پی پی ، مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ فیک نیوز، غلط معلومات اور سائبر خطرات موجودہ دور کے بڑے چیلنجز ہیں، جن سے نمٹنے کے لئے قومی سطح پر مربوط اور مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے زیر اہتمام Building a Safe, Secure and Resilient Cyberspace کے موضوع پر سائبر سکیورٹی آگاہی ہفتہ 2026کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ورلڈ اکنامک فورم میں بھی فیک نیوز اور مس انفارمیشن کو بڑا خطرہ قرار دیا گیا۔ ڈیجیٹل دنیا میں تیزی سے رونما ہونے والی تبدیلیوں کے پیش نظر مؤثر نظام تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے نیشنل سائبر سکیورٹی اینڈ سوشل میڈیا آگاہی کونسل کے قیام کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اس میں وفاقی وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کو شامل کیا جاسکتا ہے ، جبکہ پی ٹی اے کونسل کی قیادت کرے اور حکومت بھرپور معاونت فراہم کرے گی۔عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ڈیجیٹل آگاہی کو پرائمری سے یونیورسٹی کی سطح تک تعلیمی نصاب کا لازمی حصہ بنایا جائے ، جبکہ مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مواد کی نشاندہی کے لیے لیبلنگ بھی ضروری ہے ،وزارت اطلاعات میں پاکستان کا پہلا ڈیجیٹل کمیونی کیشن ڈیپارٹمنٹ قائم کیا گیا ہے ، جہاں فیکٹ چیکنگ اور جدید ڈیجیٹل کمیونی کیشن کا نظام فعال ہے ۔ ہر سرکاری ادارے میں ڈیجیٹل خواندگی کا الگ سیل قائم کرنے کی بھی ضرورت ہے ۔وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ پر ایک کلک شہریوں کی نجی معلومات اور ذاتی ڈیٹا کو خطرے میں ڈال سکتا ہے ۔ آنے والی نسلوں کو محفوظ ڈیجیٹل مستقبل فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments