افغان طالبان کی کھوکھلی یقین دہانیاں بحران کا حل نہیں : پاکستان

افغان طالبان کی کھوکھلی یقین دہانیاں بحران کا حل نہیں : پاکستان

ترجمان افغان طالبان کا بیان رجیم کی انتہائی گمراہ کن سوچ کو بے نقاب کرتا ہے پاکستان کی سلامتی کو انکی بے عملی یا ٹال مٹول کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیا جائیگا

اسلام آباد (اے پی پی ،مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات نے کہا افغان طالبان کی الزام تراشی اور کھوکھلی یقین دہانیاں پاک افغان بحران کا حل نہیں، پاکستان کا مؤقف بالکل واضح اور دوٹوک ہے کہ دہشت گردی ہماری ریڈ لائن ہے۔ترجمان افغان طالبان کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزارت اطلاعات نے کہا طالبان حکومت کے ترجمان کا بیان رجیم کی انتہائی گمراہ کن سوچ کو بے نقاب کرتا ہے ۔ افغان طالبان بگڑتے تعلقات کی بنیادی وجوہات تسلیم کرنے کو آمادہ نہیں ہیں، افغان طالبان قیادت مسلسل پاکستان کی پالیسیوں کو موردِ الزام ٹھہرا رہی ہے۔ افغان طالبان اس اہم مسئلے کو نظر انداز کر رہے ہیں جو تعلقات میں تلخی کا بنیادی سبب ہے۔

تلخی کا بنیادی سبب افغان سرزمین سے دہشت گردی روکنے میں طالبان حکومت کی مسلسل ناکامی ہے ، دو طرفہ تعلقات میں سب سے بڑی رکاوٹ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی ہے ۔ کابل کو اپنی سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی روکنے کی ذمہ داری پوری کرنا ہو گی۔ پاکستان اپنی سلامتی کو لاحق خطرات کے خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات کا حق رکھتا ہے ، اپنے شہریوں کے تحفظ اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، اپنے عوام کے تحفظ کے لیے پاکستان کے عزم کو کبھی کمزوری نہ سمجھا جائے ۔دہشت گردی سے نمٹنے سے طالبان حکومت کا مسلسل انکار معمول کے تعلقات کی راہ میں بنیادی رکاوٹ ہے، افغان رجیم کو جان لینا چاہیے پاکستان کی سلامتی کو ان کی بے عملی یا ٹال مٹول کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...