قرضوں کی فراہمی میں سست روی پربینکوں کیساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے :وزیر اعظم
کسانوں، چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار اور وزیرِ اعظم اپنا گھر سکیم کیلئے قرضوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر پر پیشرفت تسلی بخش ،تمام تر تقرریاں شفاف طریقے سے کی جائیں :شہبازشریف
اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ حکومتی اقدامات کے تحت کسانوں، چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار اور وزیرِ اعظم اپنا گھر سکیم میں صارفین کو قرضوں کی فراہمی میں سست روی اختیار کرنے والے بینکوں کے ساتھ سٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ کسی قسم کی کوئی رعایت نہ برتے ،نجی شعبے کی ترقی کیلئے بینکس کلیدی اہمیت کے حامل ہیں،ترجیحی شعبوں کو قرضوں کی فراہمی میں سہولت پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار، ہاؤسنگ اور زراعت کی ترقی سے معیشت میں بہتری اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ، ایسے بینکس جو زراعت، ہاؤسنگ اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کو حکومتی اقدامات کے تحت قرضوں کی آسان فراہمی میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، قابل ستائش ہیں۔ چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار معیشت کی ترقی، برآمدات کے فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی بھرپور استعداد رکھتے ہیں،زراعت کا شعبہ ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ، زرعی اجناس کی ویلیو ایڈیشن سے برآمدات میں اضافے کیلئے کوشاں ہیں،اپنا گھر سکیم سے ہاؤسنگ و تعمیرات کے شعبے سے منسلک کئی صنعتوں کو فروغ ملے گا، وزیرِ اعظم نے وزیرِ خزانہ کو ایس ایم ای سیکٹر، زراعت اور ہاؤسنگ کے شعبے کے سٹیک ہولڈرز فائنانسنگ سے متعلق مسائل حل کرنے اور جامع لائحہ عمل مرتب کرنے ، سٹیٹ بینک اور ایف بی آر کو مل کر چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں اور برآمد کند گان کے ٹیکس کے مسائل حل کرنے اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کو قرضوں کی آسان فراہمی کیلئے رسک کوریج کی بھی جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کی ، اسلام آباد میں زیر تعمیر بین الاقوامی معیار کے ہسپتال، جناح میڈیکل کمپلیکس پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاہے کہ جناح میڈیکل کمپلیکس اسلام آباد سمیت پورے پاکستان بالخصوص خیبر پختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے مریضوں کو علاج کیلئے جدید ترین سہولیات فراہم کرے گا،جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر پر پیش رفت تسلی بخش ہے ، معینہ مدت میں اہداف کا حصول یقینی بنایا جائے ،جناح میڈیکل کمپلیکس میں تمام تر تقرریاں میرٹ پر شفاف طریقے سے کی جائیں اور اس کو چلانے کیلئے نجی ادارے کی خدمات لی جائیں،جناح میڈیکل کمپلیکس میں کم آمدن و متوسط طبقے کو تشخیص کی جدید سہولیات فراہم کی جائے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ جناح میڈیکل اینڈ ریسرچ سینٹر پر مجموعی طور پر 59 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے ، جبکہ مرکزی ہسپتال اور پارکنگ پلازہ کا بنیادی ڈھانچہ مکمل ہے ۔ 403 بستروں پر مشتمل اس منصوبے کو 23 مارچ 2027 تک فعال کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments