ورکرز ویلفیئر فنڈ کی وصولیوں میں ریکارڈ اضافہ، 18 ارب جمع
سوشل سکیورٹی نے پہلے سال ہی ریونیو اتھارٹی کی نسبت6ارب زیادہ جمع کئے اداروں کا ڈیٹا موجود ،کنٹری بیوشن وصولی کا نظام زیادہ مؤثر ہوا :مجتبیٰ بھروانہ
لاہور(عاطف پرویز سے )پنجاب میں ورکرز ویلفیئر فنڈ کیلئے کنٹری بیوشن وصولی کی ذمہ داری پنجاب ریونیو اتھارٹی سے سوشل سکیورٹی کو منتقل کرنے کے مثبت نتائج سامنے آ گئے ۔ سوشل سکیورٹی نے پہلے سال ہی 18 ارب روپے جمع کر لئے جو پنجاب ریونیو اتھارٹی کی گزشتہ سال کی وصولی سے 6 ارب روپے زیادہ ہیں، اداروں کی بہتر نشاندہی اور مستند ڈیٹا کو وصولیوں میں اضافے کی بڑی وجہ قرار دیا جا رہا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب میں ورکرز ویلفیئر فنڈ کیلئے کنٹری بیوشن وصولی کا نظام تبدیل ہونے سے سرکاری خزانے کو اربوں روپے کا اضافی فائدہ ہوا ہے ، پنجاب ریونیو اتھارٹی سے وصولی کی ذمہ داری سوشل سکیورٹی کو منتقل کیے جانے کے بعد پہلے ہی سال 18 ارب روپے جمع کر لیے گئے ، پنجاب ریونیو اتھارٹی ایک سال میں صرف 12 ارب وصول کر سکی تھی، اس طرح وصولیوں میں 6 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اعداد و شمار کے مطابق سوشل سکیورٹی نے 4700 صنعتی و تجارتی اداروں سے کنٹری بیوشن وصول کی جبکہ پنجاب ریونیو اتھارٹی صرف 1400 اداروں تک رسائی حاصل کر سکی تھی۔ سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ مجتبیٰ بھروانہ کے مطابق سوشل سکیورٹی کے پاس رجسٹرڈ اداروں کا مستند ڈیٹا موجود ہے جس کے باعث زیادہ صنعتی اور تجارتی اداروں سے وصولی ممکن ہوئی ،کنٹری بیوشن وصولی کا نظام زیادہ مؤثر ہوا ہے ، آئندہ مالی سال کیلئے سوشل سکیورٹی کو 25 ارب روپے کنٹری بیوشن وصولی کا ہدف دیا گیا ہے ۔حکام کے مطابق یہ ہدف رواں سال کی وصولیوں سے 7 ارب روپے زیادہ ہے ،وصولی نظام میں بہتری سے نہ صرف سرکاری آمدن میں اضافہ ہوا بلکہ ورکرز ویلفیئر فنڈ کیلئے مالی وسائل بڑھانے میں بھی مدد ملے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments