سالک جس تھالی میں کھا رہے اس میں چھید نہ کریں:عظمیٰ بخاری
مرضی کا ڈپٹی کمشنر نہ لگنے پر اتنا غصہ مناسب نہیں:وزیراطلاعات پنجاب وزیراعلیٰ مریم نواز سفارش پر نہیں بلکہ میرٹ پرفیصلے کرتی ہیں:بیان
لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے ق لیگ کے سینئر نائب صدر و وفاقی وزیربرائے سمندر پار پاکستانیزچودھری سالک حسین کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ اپنی مرضی کا ایک ڈپٹی کمشنر تعینات نہ ہونے پر اتنا غصہ مناسب نہیں، وزیراعلیٰ مریم نواز کسی سفارش پر ڈپٹی کمشنر تعینات نہیں کرتیں بلکہ میرٹ کے مطابق فیصلے کرتی ہیں،سالک حسین جس تھالی میں کھا رہے ہیں، اسی میں چھید نہ کریں، بیان بازی کرنے کے بجائے انہیں شافع حسین سے حقائق معلوم کر لینے چاہئے تھے ۔اپنے بیان میں وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز نے پنجاب میں پسند ناپسند اور سفارش کا کلچر ہمیشہ کے لیے ختم کر دیا ،پنجاب میں قبضہ مافیا اور رسہ گیروں کے لیے اب کوئی گنجائش نہیں ،پہلی مرتبہ بلا تفریق پنجاب کے تمام شہروں میں یکساں نوعیت کے ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں،مریم نواز کسی کسان کو ٹریکٹر اور کسی طالب علم کو لیپ ٹاپ یا سکالرشپ دینے سے پہلے اس کی سیاسی وابستگی نہیں پوچھتیں بلکہ تمام فیصلے بلا تفریق کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز پنجاب کی پہلی وزیراعلیٰ ہیں جنہوں نے سرکاری جہاز کے استعمال کے اخراجات کی ادائیگی کی ، ان کی حکومت نے گجرات کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 12 ارب روپے خرچ کیے ہیں، گجرات میں جو ترقیاتی کام کئی دہائیاں پہلے ہو جانے چاہئے تھے وہ بھی مریم نواز کی حکومت نے کر کے دکھائے ہیں ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments