یورپ میں سپر مارکیٹوں کے فریج اور فریزرز پر سائبر حملے، خوراک ضائع

یورپ میں سپر مارکیٹوں کے فریج اور فریزرز پر سائبر حملے، خوراک ضائع

ویڈن ، بیلجیم ،لکسمبرگ اور آئرلینڈ میں فریزرز کا درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا،منجمد اشیا بھی خراب روس اور یوکرین کی ایمرجنسی الرٹ ایپس ہیک، جوہری ہتھیاروں سے لیس ڈرون بھیجنے کے جعلی پیغام ،لوگوں میں تشویش

سٹاک ہوم،برسلز،لندن (رائٹرز) یورپ میں سپر مارکیٹوں کے فریج اور فریزرز کو نشانہ بنانے والے سائبر حملوں کی نئی لہر پھیل گئی، جس کے نتیجے میں سویڈن سے بیلجیم تک متعدد سٹورز میں خوراک خراب ہوگئی اور بڑی مقدار میں اشیائے خورونوش ضائع کرنا پڑیں۔ ہیکرز نے ریفریجریشن نظاموں پر غیر مجاز کنٹرول حاصل کرکے فریج اور فریزرز کا درجہ حرارت بڑھا دیا، جس سے کئی مقامات پر منجمد اشیا بھی خراب ہوگئیں۔سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم میں سپر مارکیٹ کی سیلز منیجر انگلا انگوال نے رائٹرز کو بتایا کہ سائبر حملہ رات دو بجے ہوا، تاہم اس کا علم کئی گھنٹے بعد ہوا۔ ان کے مطابق تمام فریزرز کا درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا اور اندر موجود خوراک تباہ ہوگئی۔آئی سی اے کے ترجمان نے بتایا کہ رات کے دوران کمپنی کے محدود تعداد میں سٹورز اس واقعے سے متاثر ہوئے ، جہاں ریفریجریشن اور فریزر نظام کو نقصان پہنچا۔

یہ حملے بیلجیم اور لکسمبرگ میں سپر مارکیٹ گروپ اہولڈ ڈیلاز، کولروئٹ، سویڈن میں آئی سی اے اور کوپ سٹورز جبکہ فرنیچر اور گھریلو اشیا کیلئے معروف کمپنی آئیکیا کے کم از کم ایک سٹور کو متاثر کرچکے ہیں۔ بیلجیم میں سپار سٹورز چلانے والے کولروئٹ گروپ کے مطابق اس کے پانچ سٹورز کے فریج نظام کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ آئرلینڈ کی ہول سیل کمپنی مسگریو نے بتایا کہ اس کے 13 سپر ویلیو سٹورز متاثر ہوئے اور وہاں سے ٹھنڈی اور منجمد اشیا فروخت کیلئے ہٹانا پڑیں۔بیلجیم میں کیریفور کے 700 سٹورز میں سے 15 بھی سائبر حملے سے متاثر ہوئے ، جبکہ سویڈن کی کوپ سپر مارکیٹ چین کے 800 سٹورز میں سے سات میں ریفریجریشن نظام سے چھیڑ چھاڑ کی گئی۔

یہ واقعات گزشتہ ماہ فرانس میں ہونے والے اسی نوعیت کے سائبر حملے کے بعد سامنے آئے ہیں، جہاں پولیس کے مطابق ہیکرز نے سیکڑوں سپر مارکیٹوں کے کولنگ سسٹم کا کنٹرول حاصل کرلیا تھا، جس کے نتیجے میں آگ لگنے کے واقعات اور خوراک کا بڑے پیمانے پر نقصان ہوا۔تاحال کسی گروہ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ بیلجیم کے سائبر سکیورٹی مرکز کی ترجمان کترین ایگرز نے کہا کہ حملہ آوروں کی شناخت معلوم نہیں اور ممکن ہے کبھی معلوم بھی نہ ہوسکے ۔ ان کے مطابق مصنوعی ذہانت کے ذریعے ڈیجیٹل نظاموں کی کمزوریوں سے فائدہ اٹھانا اب زیادہ آسان ہوگیا ہے ۔یورپی کمیشن کے زراعت کے کمشنر کرسٹوف ہینسن نے ان حملوں کو خوراک کی رسد کے نظام میں خلل ڈالنے اور صارفین کا اعتماد متزلزل کرنے کی دانستہ کوشش قرار دیا۔

دوسری جانب روس اور یوکرین کی ایمرجنسی الرٹ ایپس مبینہ طور پر ہیک ہو گئی ہیں۔روس کی ایمرجنسی ایپ پر ایک جعلی پیغام بھیجا گیا جس میں دعویٰ کیا گیا کہ یوکرین نے روس کے تمام علاقوں کی طرف جوہری ہتھیاروں سے لیس ڈرون بھیج دئیے ہیں۔اس پیغام میں لوگوں کو کہا گیا کہ وہ تین ہفتوں کا کھانے پینے کا سامان جمع کریں اور محفوظ جگہوں پر چلے جائیں۔دوسری جانب یوکرین کی فضائی خطرے سے خبردار کرنے والی ایپ پر بھی جعلی پیغامات نظر آئے ۔یوکرین کے حکام نے ہیکنگ کا الزام روس پر لگایا ہے اور شہریوں سے کہا ہے کہ ایپ میں آنے والے کسی بھی غیر معمولی یا مشکوک پیغام کو نظر انداز کریں۔روس نے بھی اعلان کیا کہ اس کی ایمرجنسی الرٹ ایپ بڑے سائبر حملے کا نشانہ بنی ہے ، تاہم کسی ذمہ دار فریق کا نام نہیں بتایا۔دونوں ممالک میں جعلی الرٹس نے لوگوں میں تشویش پیدا کر دی، حکام کا کہنا ہے کہ اصل ہنگامی انتباہی نظام بدستور کام کر رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...