فضا سے فضا میں مارکرنیوالے پہلے پاکستانی ساختہ میزائل کا تجربہ

 فضا سے فضا میں مارکرنیوالے پہلے پاکستانی ساختہ میزائل کا تجربہ

فَاز میزائل جدید ترین ٹرمینل گائیڈنس سسٹم سے لیس ،طویل فاصلے پر موجود اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے ،پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا ملکی دفاعی صلاحیتیں اور فضائی دفاعی نظام مزید مضبوط ہوں گے ،صدر، وزیراعظم ، چیف آف ڈیفنس فورسز اور فوجی سربراہان کی میزائل کی کامیاب آزمائش پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد

اسلام آباد ،راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز)پاکستان نے دفاعی اور ایرو اسپیس ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے فضا سے فضا میں مار کرنیوالے پہلے ملکی میزائل ’’فاز‘‘کا تجربہ کرلیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فَاز میزائل جدید ترین ٹرمینل گائیڈنس سسٹم سے لیس ہے اور طویل فاصلے پر موجود اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ میزائل کی کامیاب آزمائش سے پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا، جبکہ ملکی دفاعی صلاحیتیں اور فضائی دفاعی نظام مزید مضبوط ہوں گے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق فَاز میزائل کا کامیاب تجربہ پاکستان کی دفاعی صنعت میں تکنیکی مہارت، جدت اور مقامی سطح پر جدید دفاعی ٹیکنالوجی کی تیاری کا مظہر ہے ۔اس کامیابی کو قومی ایرو اسپیس اور دفاعی صلاحیتوں کے فروغ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا گیا ہے ۔ میزائل کے کامیاب فلائٹ ٹیسٹ کا مشاہدہ پاکستان کی مسلح افواج کے سینئر افسروں کے علاوہ ان سائنسدانوں اور انجینئرز نے بھی کیا جنہوں نے اس جدید ہتھیار کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کیا۔صدر مملکت، وزیراعظم ، چیف آف ڈیفنس فورسز اور مسلح افواج کے سربراہان نے میزائل کی کامیاب آزمائش پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس اہم کامیابی کو سراہا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...