لیوی :حکومت، جماعت اسلامی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق
معاشی چیلنجز پر سیاسی جماعتوں میں مسلسل مکالمہ کی ضرورت:اسحاق ڈار
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے ،دنیا نیوز،وقائع نگار )پٹرولیم لیوی ،قیمتوں میں کمی اور عوامی ریلیف پر حکومت اور جماعت اسلامی کے مذاکرات میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا ، حکومتی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار،وفاقی وزیر احسن اقبال اور رانا ثنا اللہ ، جماعت اسلامی کے وفد میں قائم مقام امیر لیاقت بلوچ، ڈپٹی سیکرٹری سید فراست شاہ، امیر اسلام آباد نصراللہ رندھاوا اور سیکرٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی شامل تھے ،ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران فریقین نے توانائی کی قیمتوں اور عوامی ریلیف کے حوالے سے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا، اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دینے اور عام شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ قومی معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان مسلسل مکالمہ اور مشاورت کلیدی اہمیت رکھتی ہے ،بعدازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت اور جماعت اسلامی کے مذاکرات حتمی مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں، دونوں فریقوں نے پٹرولیم لیوی کا خاتمہ ناگزیر قرار دیا ہے ، جماعت اسلامی نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے حکومت کو چھ تجاویز پیش کی تھیں، ان میں پٹرولیم لیوی کا خاتمہ، ریلیف پیکیج، پبلک ٹرانسپورٹ، 800 سی سی سے بڑی گاڑیوں اور زرعی شعبے کو ریلیف دینا شامل تھا۔ حکومت نے زرعی شعبے اور 1,000 سی سی گاڑیوں کو ریلیف دینے پر اتفاق کیا ہے ،انہوں نے کہا کہ حکمران اپنی مراعات چھوڑنے پر آمادہ نہیں،آئل ریفائنریوں کو بے تحاشا منافع کمانے کے مواقع د ئیے گئے ،حکومت کے پاس لیوی برقرار رکھنے کا کوئی ٹھوس جواز نہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments