فارمولا دودھ کی تشہیر روکنے کیلئے اقدامات کیے جائیں:سینیٹ کمیٹی
فارمولا ملک پر ضائع ہونے والے وسائل کو ماؤں کی غذائیت پر خرچ کیا جانا چاہئے دنیا بھر میں فارمولا ملک کی تشہیر پر مکمل پابندی کا رجحان موجودہے :چیئرمین کمیٹی
اسلام آباد(نیوز رپورٹر)سینیٹ قائمہ کمیٹی قومی صحت نے نوزائیدہ بچوں کے لیے فارمولا ملک کی کمرشل تشہیر کی روک تھام، ماؤں کے دودھ کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور شعبہ صحت سے متعلق دیگر زیر التوا مسائل پر اقدامات کی ہدایت کی ہے ، قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرپرسن سینیٹر امیر ولی الدین چشتی کی صدارت میں گزشتہ روز منعقد ہوا ،قائمہ کمیٹی اجلاس میں ہدایت دی گئی کہ 1 سے 36 ماہ کے بچوں کے لیے فارمولا ملک کی تشہیر پر قانون کے مطابق مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
اجلاس کے دوران قائمہ کمیٹی کو پیمرا کی جانب سے بتایا گیا کہ ٹی وی چینلز پر فارمولا ملک کے اشتہارات میں "ماں کا دودھ بچے کے لیے بہترین ہے " کا ڈسکلیمر نشر کرنے کی ہدایت پر 29 چینلز پر عملدرآمد کرایا جا چکا ہے ، اس موقع پر چیئرمین کمیٹی نے انکشاف کیا کہ فارمولا ملک بنانے والی کمپنی نیسلے کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ سے سٹے آرڈر حاصل کرنے کے باعث ہدایت پر مکمل عملدرآمد متاثر ہو رہا ہے ۔ انہوں نے بنگلہ دیش سمیت 89 ممالک کی مثال دیتے ہوئے کہا دنیا بھر میں فارمولا ملک کی تشہیر پر مکمل پابندی کا رجحان موجود ہے اور فارمولا ملک پر ضائع ہونے والے وسائل کو ماؤں کی غذائیت پر خرچ کیا جانا چاہئے تاکہ بچوں کی صحت بہتر ہو سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments