عمران خان گورنرراج،ایمرجنسی نفاذ سے مکمل باخبر:بیرسٹر گوہر

عمران خان گورنرراج،ایمرجنسی نفاذ سے مکمل باخبر:بیرسٹر گوہر

سلمان صفدر اڈیالہ جیل سے کوئی ایسی بات نہیں لائے جس سے سیاسی خبر بنے

اسلام آباد (دنیا نیوز)چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ سے مکمل باخبر تھے ، انہوں  نے پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے کو خوش آئند قرار نہیں دیا،اڈیالہ جیل کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی اپنی جماعت اور سیاست ہے ، میں نے اسمبلی میں تقریر پر ا نہیں کہا تھا کہ بعض الفاظ نہ بولتے تو مناسب تھا ، حکومتی نمائندوں نے بھی اس پرجس طریقے سے جواب دیا وہ بھی نامناسب ہے ،انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر سمجھتا ہوں کہ سیاسی کشیدگی کو نہیں بڑھنا چاہیے ، اگر ملک قوم اور جمہوریت کے لئے کچھ کرنا ہے تو تناؤ کم کرنا ہو گا۔بیرسٹر سلمان صفدر کی عمران خان سے ملاقات پر چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ 380 دن گزرنے کے بعد یہ پہلی ملاقات ہوئی جو خوش آئند ہے ، ملاقاتیں بند ہونے کی وجہ سے اتنا تناؤ ہے ،انہوں نے کہا کہ اگر کسی قیدی کو 15 دن اسکی فیملی سے نہ ملوایا جائے تو یہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

ملاقاتیں ہو تیں تو بہتری آتی اور یہ تناؤ نہ ہوتا اور خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کی نوبت بھی نہ آتی ، میں نے ہمیشہ کوشش کی کہ سیاسی لوگوں کی ملاقات ہو، میں نے اپنے سمیت علامہ ناصر عباس کے نام کی بھی کوشش کی جبکہ سیاسی ملاقات نہ ہونے پر سلمان صفدر کی ملاقات کی کوشش کی جو کامیاب ہو گئی ، اس ملاقات میں عمران خان نے زیادہ سیاسی بات نہیں کی،سلمان صفدر اڈیالہ سے کوئی ایسی بات نہیں لیکر آئے جس سے سیاسی خبر بنے ، انہوں نے کہا کہ سیاسی انتقام عروج پر ہے ، غیر سیاسی بہنوں کے جیل میں ہونے کو گناہ سمجھتا ہوں ،بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم آل پارٹیز کانفرنس کی بھی کوشش کر رہے ہیں ، انہوں نے خیبرپختونخوا میں فارورڈ بلاک کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کے پی کے تمام ممبران بانی کے ساتھ ہیں ،اچانک کوئی ایم پی اے وزیر اعلیٰ ٰبننے کے لئے سامنے نہیں آئے گا،ایسی صورتحال پیدا ہوئی تو اس اہم عہدے پر کسی بھی بندے کی تعیناتی کا فیصلہ بانی ہی کریں گے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...