وفاقی کابینہ:کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن کی منظوری،10روپے کے نوٹ کی جگہ سکہ چلے گا

وفاقی  کابینہ:کرنسی  نوٹوں  کے  نئے  ڈیزائن  کی   منظوری،10روپے  کے  نوٹ  کی  جگہ  سکہ  چلے  گا

نوٹوں کے ڈیزائن پر مصوروں و ڈیزا ئنرز سے تجاویز لی گئیں،جعلی نوٹوں کی روک تھام کیلئے سکیورٹی فیچرزبڑھائے جائینگے ، جدید میٹریل سے استعمال کی میعاد میں اضافہ وزیر اعلیٰ کے اختیارات گورنر پختونخوا کو منتقل ،گورنر ہر ماہ وفاقی حکومت کو رپورٹ پیش کریں گے ، پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے کی بھی توثیق فیول سبسڈی میں گڑبڑ پر پٹرول پمپس بند ، کوشش کرینگے موسم سرما میں ایل پی جی،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کنٹرول میں رہیں، بجلی کارخانے چلتے رہیں:وزیر اعظم

اسلام آباد(نامہ نگار،نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی کابینہ نے وزارتِ خزانہ کی سفارش پر نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کی منظوری دے دی ، 10روپے کا نوٹ ختم کر کے اس مالیت کا سکہ متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا، کابینہ نے ایمرجنسی کی مدت کے دوران خیبرپختونخوا میں انتظامی امور کی سہل انجام دہی اور گورننس کی بہتری کیلئے وزیر اعلیٰ کو تفویض شدہ اختیارات گورنر خیبر پختونخوا کو منتقل کرنے کی منظوری دے دی،وزیر اعظم نے فیول سبسڈی سکیم میں گڑبڑ کرنے والے پٹرول پمپوں کو بند کرنیکا حکم بھی جاری کر دیا،وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم شہبازشریف کی زیر صدارت ہوا ،وزارت خزانہ کی جانب سے کابینہ کو نئے کرنسی نوٹس پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ،بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئے کرنسی نوٹس کے  ڈیزائن کیلئے ملک بھر سے مصوروں و ڈیزائنرز سے تجاویز لی گئیں،وزیرِ اعظم کی قائم کر دہ کابینہ کمیٹی نے تمام سٹیک ہولڈرز سے اس پر تفصیلی مشاورت کی،اجلاس کو بتایا گیا کہ جعلی نوٹوں کی روک تھام کیلئے سکیورٹی فیچرز بڑھانے کے ساتھ ساتھ جدید میٹریل کا استعمال کیا جائیگا جس سے نوٹوں کی استعمال کی معیاد میں بھی اضافہ ہوگا،اجلاس میں دس روپے کا نوٹ ختم کر کے اس کی جگہ دس روپے کا سکہ متعارف کرانے کی بھی منظوری دے دی گئی،کابینہ نے خیبرپختونخوا میں وزیر اعلیٰ کے اختیارات صوبے میں ایمرجنسی کی مدت کے دوران گورنر خیبر پختونخوا کو منتقل کرنے کی منظوری دے دی۔

گورنر خیبر پختونخوا ایسے تمام اختیارات کے استعمال کے حوالے سے ہر ماہ وفاقی حکومت کو جائزہ رپورٹ پیش کریں گے ،وفاقی کابینہ نے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ خیبر پختونخوا ایڈوائزری کونسل، گورنر خیبر پختونخوا کی قیادت میں صوبے کے عوام کی بہتری اور خوشحالی اور صوبے میں امن و امان کے قیام کیلئے بھرپور کاوشیں یقینی بنائیں گے ،وفاقی کابینہ نے پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے کی توثیق کردی، پاکستان اور کویت کے مابین دفاعی تعاون کا معاہدہ 11 جون 2023 کو طے پایا تھا، جس کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی شعبوں میں تعاون کا فروغ ہے ، کویتی حکومت نے 19 جولائی کو اس معاہدے کی توثیق کی تھی، کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے حکومتی ملکیتی اداروں کے 26 اکتوبر کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں ،کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹیو کیسز کے 22 جنوری، 26 فروری، 5، 18 اور 27 اگست، 11 اور 22 ستمبر کے اجلاسوں میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق بھی کر دی،اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے قیام اور کشیدگی میں کمی کے لئے مخلصانہ سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے ، عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کا بوجھ عوام پر منتقل ہونے سے روکنے کے لئے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ، ملک میں فیول سبسڈی کا شاندار پروگرام کامیابی سے جاری ہے جو دسمبر کے آخر تک جاری رہے گا،انہوں نے کہا کہ ایل این جی کی درآمد سے اربوں روپے کمانے والے مافیا کا دور ختم ہو چکا ہے۔

خیبرپختونخوا کے لئے 160 ارب روپے کا ترقیاتی پیکیج دیا گیا ہے ، دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے وفاقی و صوبائی حکومتیں سکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر بھرپور اقدامات کریں گی، وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت دنیا میں تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں ،اس کی بڑی وجہ خطے میں بدامنی ہے ،پاکستان امن قائم کرنے کے لئے پہلے کی طرح اپنا بھرپور کردار ادا کررہا ہے ،گزشتہ ہفتے پاکستانی وفد نے دو بار تہران کا دورہ کیا، فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی تہران گئے جہاں پاکستان،سعودی عرب ، ایران اور ترکیہ کے اعلیٰ حکام کے درمیان بات چیت ہوئی، وہاں پر پاکستان ، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان معاہدے کے حوالے سے بھی اچھے ماحول میں گفتگو ہوئی کہ کس طرح خطے میں باہمی ہم آہنگی کو فروغ دیا جاسکے ۔ انہوں نے فیول سبسڈی کے حوالے سے بتایا کہ ڈیڑھ کروڑ افراد نے ٹوکن استعمال کئے ہیں اور اگر پانچ افراد پر مبنی کنبہ ہو تو کم از کم ساڑھے سات کروڑ افراد مستفید ہوچکے ہیں، حکومت نے توانائی کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عام آدمی پر نہیں پڑنے دیا، جمعہ کو عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے پٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لٹر اضافے کا بوجھ عوام پر نہیں ڈالا گیا بلکہ وزیر پٹرولیم اور ان کی ٹیم نے ریفائنریز کے ساتھ اہم بات چیت کی اور انہیں کہا گیا کہ یہ بوجھ عوام پر ڈالنے کی بجائے وہ برداشت کریں، اس پر وزیر پٹرولیم اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ خطے کے حالات کی وجہ سے عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والے اضافہ کے پیش نظر عوامی ریلیف کیلئے فیول سبسڈی سکیم کا اجرا کیا گیا ،اس مد میں تقریباً 28 ارب روپے کی سبسڈی دی جا چکی ہے ، یہ پروگرام انتہائی کامیابی اور شفاف طریقے سے آگے چل رہا ہے ، اس پر متعلقہ حکام نے پوری نظر رکھی ہوئی ہے ، کچھ پٹرول پمپوں کی طرف سے اس سکیم کے تحت گڑ بڑ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں تاہم اس پر مکمل نظر ہے اور ان کے خلاف بھرپور کارروائی ہو گی، انہوں نے وزیر پٹرولیم کو ہدایت کی کہ وہ ایسے پٹرول پمپوں کو بند کریں، انہیں سزا دی جائے تاکہ یہ عبرت پکڑیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اسی طرح ہم نے ایل این جی مافیا جنہوں نے اس کی درآمد سے اربوں روپے کمائے ، اس سے کئی دہائیوں بعد چھٹکارا حاصل کیا ہے اور اب مافیا کا دور ختم ہو چکا ہے ،نائب وزیراعظم، وزیر توانائی اور وزیر خزانہ سمیت ان کی پوری ٹیم کو شاباش دیتے ہیں کہ کئی دہائیوں بعد یہ کفر خدا خدا کرکے ٹوٹا ہے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایل پی جی کی درآمد میں مسابقت ہوگی اور مقامی ایل پی جی کی لاٹ میں نیلامی ہوگی اور اس کا منافع حکومت عوام تک سبسڈی دے کر پہنچائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا کیلئے ترقیاتی پیکیج دیا گیا ہے جس کی مالیت 160 ارب روپے ہے اور اس میں سکیورٹی کو مقدم رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کثیر تعداد میں دہشت گرد مارے گئے ہیں، وہاں پر دی جانے والی عظیم قربانیوں کے نتیجہ میں اﷲ کی مدد اور فورسز کی بھرپور کاوشوں سے اس کا خاتمہ ہو گا، صوبے میں اس وقت کی حکومت اور وفاقی حکومت باہمی تعاون سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر دہشت گردی کا سر کچلیں گے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ 2018ء میں دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا تھا تاہم بدقسمتی سے دہشت گردی نے دوبارہ سر اٹھایا ہے ، انشاء اﷲ اب اس کا قلع قمع ہو گا اور پوری قوم کی دعائوں سے اس سے نجات ملے گی۔ وزیراعظم نے موسم سرما کی آمد پر درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے کہا کہ قوم کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں کہ ہم انسانی حد تک اپنی پوری کوشش کریں گے کہ ایل پی جی اور پٹرولیم مصنوعات کی درکار طلب ان تک باہم پہنچائی جائیں، بجلی کے کارخانے چلتے رہیں، بڑھتی ہوئی قیمتوں کے دبائو کو بھی کنٹرول میں رکھیں گے ، بھرپور کاوش ہو گی کہ کوئی مشکلات درپیش نہ ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کو گروپ آف 24 کی چیئرمین شپ ملنے پر کابینہ کے پلیٹ فارم سے ایک مرتبہ پھر مبارکباد پیش کرتے ہیں، ہمیں پورا یقین ہے کہ اﷲ تعالیٰ نے پاکستان کو جو عزت اور ذمہ داری عطا فرمائی ہے وہ پوری محنت سے وہاں ہر فورم پر اپنا کیس پیش کریں گے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے گز شتہ روز فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے جس پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، اس کامیابی کا سہرا فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ان کی پوری ٹیم، تمام اداروں اور شخصیات کو جاتا ہے جنہوں نے یہ کامیاب تجربہ کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...