حکومت سپر ٹیکس کو مکمل ختم کرنیکا ارادہ رکھتی ،چیئرمین ایف بی آر
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) ایف بی آر کے چیئرمین راشد محمود لنگڑیال نے کہا ہے کہ حکومت سپر ٹیکس کو مکمل طور پر ختم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
ابتدائی طور پر اس کی شرح میں دو فیصد کمی کی گئی اور اب بتدریج خاتمے کے لیے کام شروع کیا جا چکا ہے ۔کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی)کے دورے کے موقع پر انہوں نے کہا کہ کورنگی انڈسٹریل ایریا کے صنعت کاروں کے ٹیکس مسائل کے لیے کاٹی میں دفتر قائم کیا جائے گا اور خام مال کی درآمد میں موجود خامیاں دور کرنے کے لیے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کریں گے ، ایف بی آر ہیلپ ڈیسک کا دائرہ کار کراچی سے وسیع کرکے سکھر تک کیا جائے گا۔راشد محمود لنگڑیال نے کہا کہ لیدر انڈسٹری کے لیے بارڈر ٹریڈ میں مسائل کے حل کے لیے اجلاس منعقد کیے جائیں گے ، ایف بی آر کا ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم فعال کرنے کے لیے فارما انڈسٹری سے ڈریپ کے ماڈل پر عمل درآمد کا مقصد ٹیکس نظام کو بہتر بنانا اور بزنس کمیونٹی کو سہولیات فراہم کرنا ہے ۔انہوں نے صنعت کاروں اور تاجربرادری پر زور دیا کہ وہ ٹیکس چوری کرنے والے عناصر کی نشان دہی اور اس کے خاتمے کے لیے ایف بی آر کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ٹیکس نظام کو شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے ۔چیئرمین ایف بی آر نے تقریب میں مختلف شعبوں سے وابستہ صنعت کاروں کے مسائل سنے اور موقع پر ہی ان کے حل کے لیے ہدایت جاری کیں۔قبل ازیں کاٹی کے صدر شیخ عمر ریحان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے معیشت کو بہتر بنانے اور صنعت کاروں کی مشکلات دور کرنے کے لیے چیئرمین ایف بی آر کو ہر ماہ کراچی آنے کی تاکید کی، چیئرمین ایف بی آر کی طرز پر وفاقی کابینہ اور وزرا کراچی میں وقت دیں تو پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط کیا جاسکتا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments