حکومت تھرکول سے حاصل 70 ارب کا حساب دے، حلیم عادل

حکومت تھرکول سے حاصل 70 ارب کا حساب دے، حلیم عادل

تھر کے عوام صاف پانی، صحت، تعلیم سمیت بنیادی سہولیات سے تاحال محروم تھر کول کی رائلٹی اور آمدنی و اخراجات کا آڈٹ عوام کے سامنے لانے کا مطالبہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے تھرپارکر کی مجموعی صورتحال پر سندھ حکومت سے تھر کول کی مد میں حاصل ہونے والی 70 ارب روپے کی آمدنی اور اس کے اخراجات کا حساب طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تھر کول کی رائلٹی کے 62 ارب روپے اور منافع کے 8 ارب روپے کہاں خرچ کیے گئے ، حکومت بتائے کہ تھرپارکر کی ترقی کے لیے کتنی رقم مختص اور خرچ کی گئی۔ تھر کے عوام آج بھی صاف پانی، صحت، تعلیم اور بنیادی سہولیات سے محروم ہیں جبکہ کوئلے سے اربوں روپے کی آمدنی کے باوجود مقامی آبادی کو اس کا فائدہ نہیں پہنچ رہا۔ انہوں نے کہا کہ تھرپارکر میں 832 آر او پلانٹس میں سے صرف 101 فعال ہیں، سندھ حکومت کے اعدادوشمار کے مطابق باقی پلانٹس غیر فعال ہیں، جبکہ مٹھی میں 2015 میں افتتاح ہونے والا ایشیا کا سب سے بڑا سولر آر او پلانٹ گزشتہ آٹھ سال سے بند رہا، حکومت بتائے کہ اربوں روپے کے اس منصوبے کی مشینری اور سولر پینلز کی حفاظت اور بحالی کی ذمہ داری کس کی تھی۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ مٹھی سول اسپتال میں 2026 کے ابتدائی مہینوں کے دوران نومولود بچوں کی 315 اموات سرکاری طور پر تسلیم کی گئیں جبکہ این آئی سی یو میں آٹھ ماہ کے دوران 480 بچوں کی اموات کی رپورٹ سامنے آئی، حکومت دونوں اعدادوشمار میں فرق کی وضاحت کرے ۔

تھرپارکر میں غذائی قلت، کم وزن بچوں کی پیدائش اور طبی سہولیات کی کمی کے مسائل برقرار ہیں، بنیادی مراکز صحت میں ڈاکٹرز، طبی عملے ، ادویات اور جدید مشینری کی عدم دستیابی کے باعث مریضوں کو علاج کے لیے حیدرآباد اور کراچی جانا پڑتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تھر کول منصوبے میں مقامی نوجوانوں کو فراہم کیے جانے والے روزگار کی تفصیلات بھی جاری کی جائیں جبکہ 250 سے زائد موروں کی پراسرار بیماری سے ہلاکتوں کے معاملے پر بھی محکمہ وائلڈ لائف اپنی کارکردگی کا جواب دے ۔ پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے مزید کہا کہ تھرپارکر کے 3 ہزار 839 اسکولوں میں سے 253 غیر فعال ہیں، تین لاکھ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر ہیں جبکہ لڑکیوں کی شرح خواندگی صرف 23 فیصد ہے ۔ حکومت بتائے کہ اسکولوں میں اساتذہ کی حاضری، پینے کے پانی، بجلی، بیت الخلا اور فرنیچر کی فراہمی کے لیے کیا اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تھر کول کی رائلٹی اور آمدنی کے وصولیوں و اخراجات کا سالانہ وار آڈٹ عوام کے سامنے لایا جائے اور تھر کے عوام کو اپنے وسائل سے حاصل ہونے والی آمدنی میں ان کا جائز حق دیا جائے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...