اکتوبرخشک گزرگیا،نومبرمیں معمول سے زیادہ بارشیں متوقع

  اکتوبرخشک گزرگیا،نومبرمیں معمول سے زیادہ بارشیں متوقع

نومبرمیں درجہ حرارت بھی معمول سے زیادہ رہے گا:محکمہ موسمیات آئوٹ لک

اسلام آباد (فوزیہ علی)اکتوبر کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں معمول سے کم بارشیں ہوئیں جبکہ نومبر میں ملک کے بیشتر علاقوں میں معمول یا معمول سے زیادہ بارشیں ہوں گی۔ محکمہ موسمیات نے گزشتہ ماہ کی رپورٹ اور رواں ماہ کی پیشگوئی پر مبنی آئوٹ لک جاری کردیا۔رواں ماہ کے موسمیاتی جائزے میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں، آزاد کشمیر اور شمال مغربی پنجاب میں معمول سے زیادہ بارشیں متوقع ہیں۔ وسطی پنجاب اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بارشیں معمول کے مطابق برسنے کا امکان ہے ۔ جنوبی بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب کے چند علاقوں میں معمول سے کم بارشیں متوقع ہیں۔

نومبر میں ملک کے شمالی حصوں میں بارشوں کا امکان جنوبی علاقوں کی نسبت زیادہ رہے گا۔ نومبر میں ملک بھر میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہے گا۔ادھر ماہ اکتوبر کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں معمول سے 0.6 فیصد کم بارشیں ہوئیں۔ پنجاب میں معمول سے 52.3 فیصد اور گلگت بلتستان میں معمول سے 84.8 فیصد،زیادہ بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔ خیبر پختونخوا میں معمول سے 13.7 فیصد اور آزاد کشمیر میں معمول سے 7.5 فیصد زیادہ بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔ بلوچستان میں معمول سے 80.1 فیصد کم بارشیں ہوئیں جبکہ سندھ میں پورے ماہ میں ایک قطرہ بارش بھی نہیں ہوئی۔ اکتوبر میں ملک بھر میں اوسط درجہ حرارت معمول سے 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہا۔ اکتوبر کے دوران ملک کا اوسط درجہ حرارت 25.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...